رَبَّنَا وَاجْعَلْنَا مُسْلِمَيْنِ لَكَ وَمِن ذُرِّيَّتِنَا أُمَّةً مُّسْلِمَةً لَّكَ وَأَرِنَا مَنَاسِكَنَا وَتُبْ عَلَيْنَا ۖ إِنَّكَ أَنتَ التَّوَّابُ الرَّحِيمُ
اے ہمارے رب، ہمیں اپنا اطاعت گذار بندہ بنا، اور ہماری اولاد میں سے بھی ایک جماعت کا اپنا اطاعت گذار بنا اور ہمیں ہماری عبادت (١٩٠) کے طریقے سکھا دے، اور ہمیں بخش دے، بے شک تو ہی بخشنے والا اور رحم کرنے والا ہے
حضرت ابراہیم تعمیر کعبہ کرتے ہوئے یہ دعا بھی کرتے رہے کہ ہمیں اس قابل بناکہ ہم اپنے سارے معاملات تیرے سپرد کردیں ہمیں اور ہماری اولاد کو فرمانبردار بنا۔ اور ایک مسلم قوم پیدا کر جو اللہ کے سامنے سر تسلیم خم کردے اور اپنے آپ کو اللہ کے سپرد کردے اور اللہ کی ہدایت کے مطابق زندگی بسر کرے۔ اس عقیدے اور طرز عمل کا نام اسلام ہے اور یہی تمام انبیاء کا دین رہا ہے۔ عبادت کے طریقےسے مراد حج کے ارکان ۔ قربانی کے احکام اور تمام عبادت کے طریقے ہیں۔