وَآخَرُونَ مُرْجَوْنَ لِأَمْرِ اللَّهِ إِمَّا يُعَذِّبُهُمْ وَإِمَّا يَتُوبُ عَلَيْهِمْ ۗ وَاللَّهُ عَلِيمٌ حَكِيمٌ
اور کچھ دوسرے لوگ (٨٤) ہیں جنہیں اللہ کا فیصلہ آنے تک موخر کردیا گیا ہے، یا تو انہیں اللہ عذاب دے گا یا ان پر نگاہ کرم ڈال دے گا، اور اللہ بڑا علم والا، بڑی حکمت والا ہے۔
معذرت کرنے والوں کی قسمیں: غزوہ تبوک میں پیچھے رہ جانے والے تین طرح کے لوگ تھے ۔ (۱) منافقین جو چھوٹی معذرتیں پیش کر رہے تھے۔ (۲)سیدنا ابولبابہ رضی اللہ عنہ اور آپ کے چھ ساتھی جنھوں نے اپنے آپ کو ستون سے باندھ دیا تھا۔ (۳)سیدنا کعب بن مالک رضی اللہ عنہ، سیدنا ہلال بن امیہ، اور حضرت مرارہ بن ربیعہ رضی اللہ عنہ یہ تینوں بھی پکے مومن تھے۔ سستی اور راحت طلبی، پھلوں کی پختگی، سائے کے حصول وغیرہ کے لیے جنگ میں شریک نہیں ہوئے تھے، انھوں نے آپ صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کے سامنے کوئی بہانہ یا عذر پیش نہیں کیا تھا بلکہ سچی سچی بات برملا بتلادی جس پر ان کا معاملہ تا حکم الٰہی التوا میں ڈال دیا۔ اور یہ اللہ کے ارادے پر موقوف ہیں وہ چاہے تو معاف کردے چاہیے تو سزا دے لیکن وہ اپنے معاملے میں آپ غالب و حکیم ہے اور اُسکی رحمت اسکے غضب پر ہاوی ہے اسکے سوا کوئی معبود و عربی نہیں۔