سورة التوبہ - آیت 58

وَمِنْهُم مَّن يَلْمِزُكَ فِي الصَّدَقَاتِ فَإِنْ أُعْطُوا مِنْهَا رَضُوا وَإِن لَّمْ يُعْطَوْا مِنْهَا إِذَا هُمْ يَسْخَطُونَ

ترجمہ تیسیر الرحمن لبیان القرآن - محمد لقمان سلفی صاحب

اور ان میں سے بعض ایسے ہیں جو اموال صدقہ کی تقسیم کے بارے میں آپ میں عیب (45) نکالتے ہیں، پس اگر انہیں ان میں سے دیا جاتا ہے تو خوش رہتے ہیں، اور اگر انہٰں ان میں سے نہیں دیا جاتا ہے تو ناراض ہوجاتے ہیں

تسہیل البیان فی تفسیر القرآن - ام عمران شکیلہ بنت میاں فضل حسین

صدقات کی تقسیم پر منافقوں کا الزام: بعض منافق نبی صلی اللہ علیہ وسلم پر (نعوذ باللہ) تہمت لگاتے تھے کہ آپ مال غنیمت صحیح تقسیم نہیں کرتے اور اس سے ان کا ارادہ سوائے اپنے نفع کے حصول کے اور کچھ نہ تھا انھیں کچھ مل جائے تو راضی اور اگر اتفاق سے یہ رہ جائیں تو ان کے نزدیک عدل نہیں ہوتا۔ ایک مرتبہ آپ صلی اللہ علیہ وسلم نے مال زکوٰۃ تقسیم کردیا تو انصار میں سے کسی نے آواز لگائی کہ یہ عدل نہیں اس پر یہ آیت نازل ہوئی۔ ایک روایت میں ہے کہ جنگ حنین کے مال غنیمت کے وقت ذوالخویصرہ ہرقوص نامی ایک شخص نے نبی صلی اللہ علیہ وسلم پر اعتراض کیا تھا اور کہا تھا کہ تو عدل نہیں کرتا، انصاف سے کام کر ’’آپ نے فرمایا۔ اگر میں عدل نہ کروں تو پھر تیری برباد ی کہیں نہیں جاسکتی۔ جب اس نے پیٹھ پھیری تو آپ صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا اسکی نسل سے ایک قوم نکلے گی جن کی نمازوں کے مقابلے میں تمہاری نمازیں حقیر معلوم ہونگی اور انکے روزوں کے مقابلے میں تم میں سے ہر ایک کو اپنے روزے حقیر معلوم ہونگے لیکن وہ دین سے ایسے نکل جائیں گے جیسے تیر کمان سے۔ تمہیں جہاں بھی مل جائیں ان کے قتل میں کمی نہ کرو آسمان تلے ان مقتولوں سے بدتر مقتول کوئی نہیں۔ (بخاری: ۳۶۱۰، بروایت ابن کثیر)