إِنَّمَا يَعْمُرُ مَسَاجِدَ اللَّهِ مَنْ آمَنَ بِاللَّهِ وَالْيَوْمِ الْآخِرِ وَأَقَامَ الصَّلَاةَ وَآتَى الزَّكَاةَ وَلَمْ يَخْشَ إِلَّا اللَّهَ ۖ فَعَسَىٰ أُولَٰئِكَ أَن يَكُونُوا مِنَ الْمُهْتَدِينَ
اللہ کی مسجدوں کو صرف وہ لوگ آباد کرتے ہیں جو اللہ پر اور آخرت کے دن پر ایمان رکھتے ہیں اور نماز قائم کرتے ہیں اور زکاۃ دیتے ہیں اور اللہ کے علاوہ کسی سے نہیں ڈرتے ہیں، پس یہ لوگ امید ہے کہ ہدایت پانے والے ہیں
مساجد آباد کرنے والوں کی صفات: آباد کرنے سے مراد نمازوں کے لیے آنا جانا مسجد کی صفائی کرنا، ان کی روشنی کا انتظام کرنا، تعمیر و مرمت وغیرہ کا خیال رکھنا سب کچھ شامل ہے۔ اور یہ صرف ان لوگوں کا کام ہے جن میں بالخصوص چار باتیں پائی جاتیں۔ (۱)اللہ اور روز آخرت پر ایمان۔ (۲)نماز۔ (۳)زکوٰۃ کی ادائیگی۔ (۴)اللہ کے سوا کسی سے نہ ڈرنا، اللہ کے سوا کسی دوسرے کی بندگی نہ کرنے والے ہی ہدایت یافتہ، کامیاب اور بامقصد ہیں۔ سیدنا ابوسعید خدری رضی اللہ عنہ کہتے ہیں کہ آپ صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا ’’اگر تم کسی آدمی کو مسجد میں آنے جانے کا عادی دیکھو، تو اسکے ایمان کی گواہی دو۔ کیونکہ اللہ تعالیٰ نے فرمایا ہے کہ اللہ کی مسجدیں صرف وہی لوگ آباد کرتے ہیں، جو اللہ اور آخرت کے دن پر ایمان رکھتے ہیں۔ (ترمذی: ۲۶۱۷)