وَلِلَّهِ الْمَشْرِقُ وَالْمَغْرِبُ ۚ فَأَيْنَمَا تُوَلُّوا فَثَمَّ وَجْهُ اللَّهِ ۚ إِنَّ اللَّهَ وَاسِعٌ عَلِيمٌ
اور مشرق و مغرب (١٦٨) کا مالک اللہ ہے، پس تم جس طرف رخ کرو گے، وہاں اللہ کو پاؤ گے (١٦٩) بے شک اللہ کمال و سعت والا اور بڑا جاننے والا ہے
(۱)حضرت عبداللہ بن عمر رضی اللہ عنہ فرماتے ہیں ایک دفعہ رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم اپنی سواری پر نفل ادا کررہے تھے اور سواری کسی بھی سمت رخ کرلیتی تھی آپ اس وقت مکہ سے مدینہ آرہے تھے، پھر سیدنا عمر رضی اللہ عنہ نے یہی آیت پڑھی کہ مشرق و مغرب سب اللہ ہی کے ہیں اور فرمایا کہ یہ آیت اسی بارے میں نازل ہوئی۔ (مسلم: ۳/ ۷۰۰) (۲)ایک روایت میں ہے کہ صحابہ کرام سفر میں رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم کے ہمراہ تھے۔ رات اندھیری تھی ہر ایک کو قبلہ جدھر معلوم ہوا نماز ادا کرلی اور نشانی کے طور پر پتھر رکھ لیے۔ صبح کو معلوم ہوا کہ بعض لوگوں نے غلط سمت نماز اد کرلی ہے ان کو فکر ہوئی اس پر یہ آیت نازل ہوئی۔‘‘(ترمذی: ۳۴۵) اس آیت سے یہ بھی پتہ چلتا ہے کہ اللہ کی خدائی بھی وسیع ہے۔ نظر بھی وسیع ہے۔ اور دائرہ فیض بھی وسیع ہے۔ اگر قبلہ کی تلاش میں خطا ہوجائے تو قابل گرفت نہیں۔ وہ خوب جانتا ہے کہ فلاں بندہ کس وقت اور کس نیت سے یاد کررہا ہے۔