سورة الاعراف - آیت 74

وَاذْكُرُوا إِذْ جَعَلَكُمْ خُلَفَاءَ مِن بَعْدِ عَادٍ وَبَوَّأَكُمْ فِي الْأَرْضِ تَتَّخِذُونَ مِن سُهُولِهَا قُصُورًا وَتَنْحِتُونَ الْجِبَالَ بُيُوتًا ۖ فَاذْكُرُوا آلَاءَ اللَّهِ وَلَا تَعْثَوْا فِي الْأَرْضِ مُفْسِدِينَ

ترجمہ تیسیر الرحمن لبیان القرآن - محمد لقمان سلفی صاحب

اور یاد کرو، جب عاد کے بعد اللہ نے تمہیں اپنا خلیفہ بنایا اور زمین ٹھہرنے کی جگہ دی، اس کے میدانی حصے میں تم محل تعمیر کرتے تھے اور پہاڑوں کو کاٹ کر گھر بناتے تھے، پس تم اللہ کی نعمتوں کو یاد کرو اور زمین میں فساد نہ پھیلاتے پھرو

تسہیل البیان فی تفسیر القرآن - ام عمران شکیلہ بنت میاں فضل حسین

قوم ثمود کے گھروں کی ساخت: یہ لوگ اعلیٰ درجے کے سنگ تراش اور انجینئر تھے، پہاڑوں کے اندر تراش تراش کر مکان بناتے، کھڑکیاں دروازے سب کچھ موجود ہوتا تھا، ان کی عمریں تین سو سے چھ سو سال کے درمیان ہوتی تھیں اس لیے ان گھروں میں طویل عرصہ تک رہ سکتے تھے، کسی ہموار، زمین پر بھی اتنا ہی مضبوط اور محل نما مکان بناتے تھے۔ اللہ کے احسانات اور فساد فی الارض: حضرت صالح نے انھیں اللہ کے احسانات یاد دلائے۔ (۱)قوم عاد کا جانشین بنایا۔ (۲)قوت دی، طاقت دی، خوشحالی دی، معمولی گھروں کی بجائے محل نما گھر بنا کر رہتے ہو، اللہ کے احسانات کا شکر ادا کرو۔ فساد فی الارض سے مراد: کفر و شرک کی راہ اختیار کرنا، انبیاء کی دعوت توحید کو ازراہ تکبر ٹھکرا دینا، دعوت قبول کرنیوالوں پر سختیاں کرنا انکی تذلیل کرنا، یہ سب باتیں فساد فی الارض کے ضمن میں آتی ہیں۔