سورة البقرة - آیت 92
وَلَقَدْ جَاءَكُم مُّوسَىٰ بِالْبَيِّنَاتِ ثُمَّ اتَّخَذْتُمُ الْعِجْلَ مِن بَعْدِهِ وَأَنتُمْ ظَالِمُونَ
ترجمہ تیسیر الرحمن لبیان القرآن - محمد لقمان سلفی صاحب
اور موسیٰ تمہارے پاس معجزے لے کر آئے، پھر تم نے ان کے بعد، حد سے تجاوز کرتے ہوئے بچھڑے (١٤٥) کو (اپنا معبود) بنا لیا
تسہیل البیان فی تفسیر القرآن - ام عمران شکیلہ بنت میاں فضل حسین
حضرت موسیٰ کے معجزات صرف عصا موسیٰ اور ید بیضا ہی نہیں تھے بلکہ سمندر کا پھٹ جانا اور فرعون کا غرق ہونا۔ چٹان سے بارہ چشموں کا پھوٹ نکلنا، جنگل میں من و سلویٰ کا نزول وغیرہ بھی تھے۔ اتنے واضح معجزات دیکھ کر بھی تم اللہ کی وحدانیت پر ایمان نہ لائے اور موسیٰ کی غیر حاضری میں تم نے بچھڑے کو معبود بنالیا۔ بچھڑے کا مقام معبود کا مقام نہیں ۔ معبودتو وہ ہے جو زندگی دیتا ہے رزق دیتا ہے، موت دیتا ہے اس سے بڑھ کر اور ظلم کیا ہوگا۔