ذَٰلِكَ الْكِتَابُ لَا رَيْبَ ۛ فِيهِ ۛ هُدًى لِّلْمُتَّقِينَ
اس کتاب میں کوئی شک و شبہ نہیں، اللہ سے ڈرنے والوں کی رہنمائی کرتی ہے
سورۃ البقرہ کے تمہیدی الفاظ میں ہی یہ واضح کردیا گیا ہے کہ اس قرآن کا اللہ کی طرف سے نازل ہونا اور اس کے مضامین سب قطعی اور یقینی ہیں۔ اللہ تعالیٰ نے اس کو جبرائیل امین کے ذریعے سے رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم کے قلب پر اتارا ہے اور رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم نے یہ پیغام لوگوں تک پہنچایا ہے۔ ان دونوں چیزوں میں کسی مقام پر بھی شک و شبہ کی کوئی گنجائش نہیں، کیونکہ یہ سب امور اللہ تعالیٰ کی براہ راست نگرانی میں طے پارہے ہیں۔ متقین کے اوصاف: پہلی چیز کہ وہ بن دیکھی چیزوں پر ایمان لاتے ہیں اور وہ چھ باتیں ہیں: (۱) اللہ پر ایمان (۲) اللہ کے فرشتوں پر ایمان (۳) اس کی کتابوں پر ایمان (۴) اس کے رسولوں پر ایمان (۵) اخروی زندگی پر ایمان (۶) اور اس بات پر ایمان کہ ہر طرح کی بھلائی اور برائی اللہ کی طرف سے ہی مقدر ہوتی ہے۔