سورة القصص - آیت 29

فَلَمَّا قَضَىٰ مُوسَى الْأَجَلَ وَسَارَ بِأَهْلِهِ آنَسَ مِن جَانِبِ الطُّورِ نَارًا قَالَ لِأَهْلِهِ امْكُثُوا إِنِّي آنَسْتُ نَارًا لَّعَلِّي آتِيكُم مِّنْهَا بِخَبَرٍ أَوْ جَذْوَةٍ مِّنَ النَّارِ لَعَلَّكُمْ تَصْطَلُونَ

ترجمہ تیسیر الرحمن لبیان القرآن - محمد لقمان سلفی صاحب

جب موسیٰ نے مدت پوری کرلی اور اپنے بال بچوں کولے کرچلے (١٥) تو انہوں نے طور پہاڑ کی طرف ایک آگ دیکھی، انہوں نے اپنے بال بچوں سے کہا یہیں ٹھہرو، میں نے ایک آگ دیکھی ہے، ہوسکتا ہے کہ میں تمہارے لیے (راستہ کی) کوئی خبر لاؤں، یا آگ کا ایک انگارہ، تاکہ تم اسے تاپو۔

تفسیر ترجمان القرآن - مولانا ابوالکلام آزاد

(٦) الغرض مدت پوری ہونے کے بعد جب حضرت موسیٰ اپنے اہل وعیال کے ساتھ واپس مصر جارہے تھے تو طور کی جانب میں انہوں نے آگ دیکھی تورات میں ہے کہ انہوں نے درخت میں آگ دیکھی تو متعجب ہو کر قریب گئے لیکن قرآن سے معلوم ہوتا ہے کہ رفع تعجب کے لیے نہیں بلکہ وہ پہلے آگ کی جستجو میں تھے تاکہ الاؤ جلا کر تاپ سکیں چنانچہ وہاں پہنچنے پر یہ واقعہ پیش آیا، یہاں پر، انی انااللہ رب العالمین، اور سورۃ نمل میں، انی انااللہ العزیز الحکیم، ہے، اس کے بعد ان کو دومعجزے دکھائے گئے تاکہ حضرت موسیٰ (علیہ السلام) کو یقین ہوجائے کہ وہ فی الواقع رب العالمین سے ہی مخاطب ہیں اور پھر فرعون کے پاس نہایت دل جمعی سے جائیں۔ آیت ٣٢ میں، واضمم الیک جناحک من الرھب۔ دراصل، اسلک یدک فی جیبک، کا بیان ہی ہے جیساکہ سورۃ طہ وغیرہ سے معلوم ہوتا ہے۔