سورة الفرقان - آیت 9

انظُرْ كَيْفَ ضَرَبُوا لَكَ الْأَمْثَالَ فَضَلُّوا فَلَا يَسْتَطِيعُونَ سَبِيلًا

ترجمہ تیسیر الرحمن لبیان القرآن - محمد لقمان سلفی صاحب

آپ دیکھ لیجیے کہ یہ آپ کی کیسی کیسی مثالیں دیتے ہیں، جس کے نتیجے میں گمراہ ہوگئے ہیں اور اب سیدھی راہ پر نہیں آسکتے۔

تفسیر ترجمان القرآن - مولانا ابوالکلام آزاد

(٤) پھر وہ پیغمبر (علیہ السلام) پر بھی اعتراض کرتے اور آپ کی نبوت کی تکذیب کے لیے طنز واستہزاء سے کہتے ہیں کہ جو شخص ہماری طرح کھانے پینے کا محتاج ہو اور کسب معاش کے لیے ہماشما کی طرح بازاروں میں پھرتا ہو وہ اللہ کارسول کیسے ہوسکتا ہے اگر اللہ نے رسول بھیجنا ہوتا تو ضروری تھا کہ کوئی فرشتہ ان کے ساتھ ہوتا جو لوگوں کو انجام بد سے ڈراتا اس کے پاس خزانے ہوتے یا کوئی شاندار باغ ہوتا وغیرہ پھر جب یہ ساری چیزیں نہیں ہیں تو پھر آخر ہم اس کو اللہ کارسول کیسے مان لیں؟ اور مسلمانوں سے کہتے کہ بس تم توایک پاگل اور جادوزدہ شخص کی اتباع کررہے ہو۔ قرآن نے متعجبانہ انداز میں کہا ہے لوگ خود پاگل ہیں جو اس قسم کی بہکی بہکی باتیں بنارہے ہیں کوئی اعتراض سوجھتا نہیں پھر جو زبان پر آتا ہے بکتے چلے جاتے ہیں۔