سورة البقرة - آیت 208

يَا أَيُّهَا الَّذِينَ آمَنُوا ادْخُلُوا فِي السِّلْمِ كَافَّةً وَلَا تَتَّبِعُوا خُطُوَاتِ الشَّيْطَانِ ۚ إِنَّهُ لَكُمْ عَدُوٌّ مُّبِينٌ

ترجمہ تیسیر الرحمن لبیان القرآن - محمد لقمان سلفی صاحب

اے ایمان والو ! اسلام میں پورے طور پر داخل (298) ہوجاؤ اور شیطان کے نقش قدم کی اتباع نہ کرو، بے شک وہ تمہارا کھلا دشمن ہے

تفسیر ترجمان القرآن - مولانا ابوالکلام آزاد

دنیا پرستی کی یہ سرشاری قوموں کی گمراہی کا بہت بڑا سبب رہی ہے۔ خصوصاً فتح و اقبال کے حصول کے بعد۔ اس لیے پیروان دعوت حق کو خصوصیت کے ساتھ متنبہ کیا جاتا ہے کہ اس صورت حال سے اپنی حفاظت کریں۔ اللہ کی ہدایت ظاہر ہوچکی ہے اور وہ سب کچھ تمہیں بتلایا جا چکا ہے جس کی استقامت حق کے لیے ضرورت ھی۔ اس پر بھی اگر تم نے ٹھوکر کھائی اور راہ ہدایت پر قائم نہ رہے تو یہ نعمت الٰہی کو محرومی سے بدل دینا ہوگا۔ اگر ایک گروہ کے ایمان و یقین کے لیے کلام الٰہی کی ہدایت کافی نہیں تو پھر اس کے بعد یہی رہ گیا ہے کہ خدا اس کے سامنے آخر اپنی زبان سے کہہ دے کہ میں تمہارا خدا ہوں۔ مجھ پر ایمان لاؤ۔ لیکن نہ ایسا ہوا ہے اور نہ ہوسکتا ہے ایمان کی برکتیں اور سعادتیں حاصل کرنے کے لیے صرف یہی کافی نہیں کہ اسلام کے دائرہ میں آجاؤ بلکہ چاہیے کہ پوری طرف آجاؤ یعنی اعتقاد و عمل کے ہر گوشہ میں ایمان کی روح تمہارے اندر پیدا ہوجائے اور از سر تاپا پیکر ایمان ہوجاؤ۔