وَلِلَّهِ يَسْجُدُ مَن فِي السَّمَاوَاتِ وَالْأَرْضِ طَوْعًا وَكَرْهًا وَظِلَالُهُم بِالْغُدُوِّ وَالْآصَالِ ۩
اور آسمانوں اور زمین میں رہنے والے (فرشتے اور جن و انس) صرف اللہ کو سجدہ (١٥) کرتے ہیں، چاہے خوشی سے کریں یا مجبور ہوکر، ان کے سائے بھی صبح و شام (اللہ کو) سجدہ کرتے ہیں۔
آیت (١٥) میں فرمایا : تمام مخلوقات اسی کے آگے چارو ناچار جھکی ہوئی ہے۔ کوئی مانے یا نہ مانے لیکن ہر آنکھ دیکھ سکتی ہے کہ حقیقت اس کے سوا کچھ نہیں، تم جو احکام الہی سے سرتابی کرنی چاہتے ہو خود اپنے سایے کو دیکھ لو۔ جو اندازہ اس بارے میں بنا دیا گیا ہے کہ اس سے کبھی وہ باہر نہیں جاسکتا۔ صبح کو چڑھتی دھوپ میں اس کا ایک خاص ڈھنگ ہوتا ہے، شام کو ڈھلتی دھوپ میں ایک خاص ڈھنگ، اگر غور کرو تو قدرت الہی کے احکام و قوانین کے آگے ٹحیک اسی طرح تمہاری ہستیاں بھی مسخر ہیں۔ خواہ تمہیں اقرار ہو، خواہ انکار۔