سورة النسآء - آیت 127

وَيَسْتَفْتُونَكَ فِي النِّسَاءِ ۖ قُلِ اللَّهُ يُفْتِيكُمْ فِيهِنَّ وَمَا يُتْلَىٰ عَلَيْكُمْ فِي الْكِتَابِ فِي يَتَامَى النِّسَاءِ اللَّاتِي لَا تُؤْتُونَهُنَّ مَا كُتِبَ لَهُنَّ وَتَرْغَبُونَ أَن تَنكِحُوهُنَّ وَالْمُسْتَضْعَفِينَ مِنَ الْوِلْدَانِ وَأَن تَقُومُوا لِلْيَتَامَىٰ بِالْقِسْطِ ۚ وَمَا تَفْعَلُوا مِنْ خَيْرٍ فَإِنَّ اللَّهَ كَانَ بِهِ عَلِيمًا

ترجمہ تیسیر الرحمن لبیان القرآن - محمد لقمان سلفی صاحب

اور آپ سے لوگ عورتوں کے بارے میں فتوی پوچھتے (123) ہیں، آپ کہہ دیجئے کہ ان کے بارے میں اللہ تمہیں فتوی دیتا ہے، اور وہ آیتیں فتوی دیتی ہیں جن کی قرآن کریم میں تمہارے لیے تلاوت کی جاتی ہے، ان یتیم بچیوں کے سلسلہ میں جنہیں تم ان کا مقرر شدہ حق نہیں دیتے ہو، اور ان سے نکاح کرنا چاہتے ہو، اور کمزور بچوں کے سلسلہ میں، اور یتیموں کے معاملہ میں عادلانہ رویہ اختیار کرنے کے لیے، اور تم جو بھی بھلائی کرو گے، بے شک اللہ اسے خوب جانتا ہے

تفسیر سراج البیان - مولانا حنیف ندوی

(ف ٢) مقصد یہ ہے کہ عورتوں اور یتیم بچوں کے ساتھ برا سلوک اس بات کا متقاضی ہے کہ خاص ہدایات نازل کی جائیں جس میں مسلمانوں کو حسن معاشرت کا درس دیا جائے ۔ یہ ضروری نہیں کہ جہاں قرآن حکیم میں استفتاء یا سوال کا ذکر ہے وہاں درحقیقت سائلین کی ایک جماعت بھی موجود ہے یہ قرآن حکیم کا طرز بیان ہے کہ وہ سوال طلب حالات کو استفتاء سے تعبیر کرتا ہے اور کہتا ہے کہ طبیعتوں میں چونکہ تشویش استفسار کی بین علامتیں موجود ہیں اس لئے اس کا جواب یہ ہے ۔ (آیت) ” یستفتونک “۔ سے مراد یہ ہے کہ انبیاء علیہم السلام بجائے خود حجت وسند ہوتے ہیں اور ان کی یہ حیثیت اس قدر واضح ہے کہ غیر مسلم تک معترف ہیں ۔ (ف ١) عرب نہایت حریص وطمع تھے یتامی کی تربیت محض اس لئے اپنے ذمہ لیتے تاکہ ان کے مال ودلوت سے ناجائز فائدہ اٹھایا جائے اور اس کی کئی صورتیں تھیں (آیت) ” وان تقوموا لیتمی بالقسط “۔ کہہ کر عدل وانصاف پر آمادہ کیا ہے (آیت) ” وما تفعلوا من خیر “۔ میں یہ بتایا ہے کہ تمہیں تو یتیم بچوں اور بچیوں سے عدل وانصاف کے علاوہ حسن سلوک اختیار کرنا چاہئے تھا ، نہ کہ جوروستم ڈھانے لگو ۔ حل لغات : نقیر : حقیر ترین ۔ ذرہ برابر ۔ خلیل : دوست ۔