سورة القدر - آیت 1
إِنَّا أَنزَلْنَاهُ فِي لَيْلَةِ الْقَدْرِ
ترجمہ تیسیر الرحمن لبیان القرآن - محمد لقمان سلفی صاحب
بے شک ہم نے قرآن کو لیلۃ القدر یعنی باعزت اور خیر و برکت والی رات میں نازل (١) کیا ہے
تفسیر سراج البیان - مولانا حنیف ندوی
سورۃ القدر جس طرح اماکن اور مقامات میں کچھ جگہیں زیادہ شرف اور فضیلت کی حامل ہوتی ہیں اور جس طرح اشخاص وافراد میں کچھ لوگ زیادہ مرتبہ اور درجہ کے مستحق ہوتے ہیں ۔ اسی طرح کچھ دن اور کچھ راتیں اپنے اندر نسبتاً برکات کا زیادہ سرمایہ رکھتی ہیں ۔ ایام رمضان سال بھر کے دنوں پر پرمسابقت اور ثواب اخروی کے اعتبار سے افضل ہیں اور اس کی راتیں تمام راتوں سے زیادہ پرنور اور بابرکت ہیں ۔ اور پھر جب کسی رمضان کی رات کو یہ شرف بھی حاصل ہوجائے کہ اس میں قرآن کا نزول ہوا ہے تو اس کی بزرگی اور عظمت کتنی بڑھ جائے گی ۔ اس کا اندازہ کچھ ارباب بصیرت ومعرفت ہی کرسکتے ہیں *