سورة النسآء - آیت 75

وَمَا لَكُمْ لَا تُقَاتِلُونَ فِي سَبِيلِ اللَّهِ وَالْمُسْتَضْعَفِينَ مِنَ الرِّجَالِ وَالنِّسَاءِ وَالْوِلْدَانِ الَّذِينَ يَقُولُونَ رَبَّنَا أَخْرِجْنَا مِنْ هَٰذِهِ الْقَرْيَةِ الظَّالِمِ أَهْلُهَا وَاجْعَل لَّنَا مِن لَّدُنكَ وَلِيًّا وَاجْعَل لَّنَا مِن لَّدُنكَ نَصِيرًا

ترجمہ تیسیر الرحمن لبیان القرآن - محمد لقمان سلفی صاحب

اور تمہیں کیا ہوگیا ہے کہ اللہ کی راہ میں جہاد (82) نہیں کرتے ہو، ان کمزور مردوں اور عورتوں اور بچوں کو نجات دلانے کے لیے، جو کہتے ہیں کہ اے ہمارے رب ! ہمیں اس بستی سے نکال دے جس کے رہنے والے ظالم ہیں، اور تو اپنے پاس سے ہمارا کوئی حمایتی بھیج، اور تو اپنے پاس سے ہمارا کوئی مددگار بھیج

تفسیر سراج البیان - مولانا حنیف ندوی

نفیر عام : (ف ٢) ہجرت کے بعد بعض لوگ مکہ میں ایسے رہ گئے جو نہ ہجرت پر قادر تھے نہ جہاد پر مکہ والے انہیں مجبور کرتے کہ وہ اسلام کو چھوڑ دیں ، ان کا ایمان انہیں ہر ابتلاء وآزمائش کو برداشت کرلینے کی تلقین کرتا ۔ ان آیات میں مسلمانوں کو اعلان عام کے ذریعہ سے جہاد پرآمادہ کیا ہے کہ ان کمزور وناتواں مسلمانوں کی حفاظت کے لئے سینہ سپر ہوجائیں ، اس لئے کہ مسلمان ” مظلوم وضعیف “ ہو کر دنیا میں نہیں رہ سکتا ، وہ ضعف وظلم کے خلاف اعلان جنگ ہے ، اس کا ذرہ ذرہ بغاوت وانقلاب میں سمویا ہوا ہے ، اس کی رگوں میں خون کی جگہ آزادی وخلافت کی بجلیاں دوڑ رہی ہیں ، ناممکن ہے کہ وہ مسلمانوں کو کمزور ومضحل دیکھے اور اس کے دل میں غیرت وغصہ کا طوفان نہ بپا ہوجائے ، اس کی فطرت حق وصدق کی تائید کے لئے ہے ، وہ منصہ شہود پر آیا ہی اسی لئے ہے کہ اللہ کی نیابت کا حق ادا کرے اور ظلم وعدوان کے خلاف پرزور آواز بلند کرے ، بلکہ طغیان وسرکشی کے خلاف خود رعد وصاعقہ بن جائے اور زمین استبداد کے لئے تہلکہ کی شکل اختیار کرلے ، یہی وہ توقعات ہیں جو مسلمانوں سے وابستہ ہیں اور اسی لئے خدائے غیور کا خطاب ہے ۔ (آیت) ” ومالکم لا تقاتلون فی سبیل اللہ “۔ یعنی اے جہاد سے پیچھے رہنے والے انسانو ! تمہیں کیا ہوگیا ہے کہ تم باوجود مسلمان ہونے کے اس فریضہ سے غافل ہوگئے ہو ۔ گویا ظالموں سے جہاد کرنا مرد ، مومن کی شریعت میں داخل ہے جس سے ایک لمحہ بھی تغافل جائز نہیں اس آیت میں تعجب وتوبیخ کو باہم ملا دیا ہے (آیت) ” ومالکم “ کہہ کر اظہار تعجب بھی کیا ہے اور ڈانٹا بھی ہے کہ کیوں جہاد پر آمادہ نہیں ہوتے ۔ حل لغات : فوز : کامیابی وکامرانی ۔ یشرون : شراء : بمعنی بیع بھی آتا ہے ، ابن مصرع کہتا ہے ۔ وشروبرادالیمنی من بعد بردکنت ھامہ ۔