سورة آل عمران - آیت 129

وَلِلَّهِ مَا فِي السَّمَاوَاتِ وَمَا فِي الْأَرْضِ ۚ يَغْفِرُ لِمَن يَشَاءُ وَيُعَذِّبُ مَن يَشَاءُ ۚ وَاللَّهُ غَفُورٌ رَّحِيمٌ

ترجمہ تیسیر الرحمن لبیان القرآن - محمد لقمان سلفی صاحب

آسمانوں اور زمین میں جو کچھ ہے، اللہ کی ملکیت ہے، اللہ جسے چاہے معاف کردے اور جسے چاہے عذاب دے، اور اللہ بڑا مغفرت کرنے والا، بے حد رحم کرنے والا ہے

تفسیر سراج البیان - مولانا حنیف ندوی

اللہ کی شان بےنیازی : (ف ١) اس آیت میں بتایا ہے کہ آسمان وزمین جو کچھ ہے وہ خدائے متعال کے قبضہ قدرت میں ہے ، زمین کی بستیان اور آسمان کی بلندیاں سب اس کی قوت وعظمت پردال ہیں ۔ اور کوئی نہیں جو اس کی خدائی سے باہر ہو ۔ وہ اگر بدترین لوگوں کو اپنی آغوش رحمت میں لے لے اور جنت ونعیم کی نعمتوں سے بہرہ ور ہونے کا موقع دے تو کوئی شخص اسے روک نہیں سکتا اور اگر محبوب ترین اشخاص کو دہکتے ہوئے جہنم میں ڈال دے تو کوئی قوت اسے روک نہیں سکتی وہ باجبروت وباملکوت خدا ہے ، یہ صحیح ہے کہ وہ ایسا نہیں کرے گا ، اس کا عدل ورحم اسے شفقت ورحم پر مجبور کریگا مگر جہاں تک اس کے جلال وقدرت کا تعلق ہے ‘ وہ ہر ضابطہ اور قانون سے اعلی وارفع ہے اور جو چاہے کرسکتا ہے ۔ (آیت) ” یغفرلمن یشآء ویعذب من یشآء واللہ غفور رحیم “ ۔ حل لغات : طرف : حصہ جانب ۔ پہلو ۔ یکبتھم ، مصدر کبت ، ذلیل کرنا ۔ خآئیبین ، جمع خآئب ۔ نامراد اور ذلیل وناکام ۔