يَا أَيُّهَا الَّذِينَ آمَنُوا إِن تُطِيعُوا فَرِيقًا مِّنَ الَّذِينَ أُوتُوا الْكِتَابَ يَرُدُّوكُم بَعْدَ إِيمَانِكُمْ كَافِرِينَ
اے ایمان والو ! اگر تم لوگ (71) اہل کتاب کے ایک گروہ کی پیروی کروگے، تو وہ تمہیں ایمان کے بعد دوبارہ کافر بنا دیں گے۔
(ف ١) ان آیات میں اہل کتاب کی مخالفانہ اور معاندانہ کوششوں کا ذکر ہے کہ وہ جانتے ہوئے بھی حق وصداقت کا انکار کرتے ہیں اور صرف انکار پر ہی کفایت نہین کرتے بلکہ چاہتے ہیں کہ ان کے ساتھ دوسرے مسلمان بھی شریک ہوجائیں اور اراتداد اختیار کرلیں ، فرمایا مسلمانوں سے اس قسم کی توقعات رکھنا درست نہیں ، اس لئے کہ وہ صبح وشام قرآن حکیم کی آیات سنتے ہیں جن میں تمہارے ہر فریب کی تشریح موجود ہے اور ان کے شبہات دور کرنے کے لئے خود اللہ کا رسول (صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم) ان میں موجود ہے جو بجائے خود ہر کفر ونفاق کا ایک مستقل جواب ہے ، جب تک اس کا وجود مسعود مسلمانوں میں موجود ہے ، انہیں ارتداد کا خوف نہیں ، اور اگر کوئی بخت پہلے سے دل میں نفاق وکفر پوشیدہ رکھتا ہو یا ذوق ایمان نے اسے یقین واستقلال کی دولت گرانمایہ نہ بخشی ہو ، ایسی صورتوں میں تو ارتداد ممکن ہے ، کیونکہ اصل میں یہ ارتداد ہی نہیں ‘ بلکہ اندرونی کفر ونفاق کا اظہار ہے ، پس وہ شخص جو درحقیقت مومن ہے ، جس کا دل ودماغ قرآن کے حقائق ومعارف سے منور وروشن ہے ‘ وہ کبھی بھی صراط مستقیم سے منحرف نہیں ہو سکتا ۔ حل لغات : شھید : گواہ ، جاننے والا ۔ تصدون : روکتے ہو ، مصدر ۔ : بمعنے روکنا ، منع کرنا ، عوجا ، ٹیڑھا پن ، کجی ، یعتصم : مصدر ومادہ ۔ اعتصام ۔ کسی چیز کو مضبوطی سے پکڑ لینا تھامنا اور پکڑنا ۔