سورة الحج - آیت 14

إِنَّ اللَّهَ يُدْخِلُ الَّذِينَ آمَنُوا وَعَمِلُوا الصَّالِحَاتِ جَنَّاتٍ تَجْرِي مِن تَحْتِهَا الْأَنْهَارُ ۚ إِنَّ اللَّهَ يَفْعَلُ مَا يُرِيدُ

ترجمہ تیسیر الرحمن لبیان القرآن - محمد لقمان سلفی صاحب

بیشک اللہ ان لوگوں کو جو ایمان (٧) لائیں گے اور عمل صالح کریں گے ایسی جنتوں میں داخل کرے گا جن کے نیچے نہریں جاری ہوں گی، بیشک اللہ جو ارادہ کرتا ہے اسے کرگزرتا ہے۔

تفسیر سراج البیان - مولانا حنیف ندوی

کون خدا تمہیں پسند ہے ؟ (ف ٢) اس سے پہلے مشرکین اور ان کے معبؤدوں کا ذکر تھا ، کہ ان کے معبودان باطل مشکلات اور مصائب میں ان کے کام نہیں آسکتے ، اور انکی کوئی مدد نہیں کرسکتے ، اور نہ اس قابل ہیں ، کہ براہ راست انکو کوئی نقصان پہنچا سکیں ، مگر مومنین کا یہ عالم ہے کہ ان کا معبود برحق دنیا میں ان کی راہ نمائی کرتا ہے ، اور مشکلات ومصائب میں ان کی اعانت کرتا ہے ، پھر جب وہ اس زندگی میں کامیاب وکامران رہ کر دوسری دنیا میں پہنچتے ہیں تو ان کے نیک اعمال اور سچے ارمان کے معارضہ میں جنت میں داخل کرتا ہے اور اپنی نوازش پائے اور اسے مفتخر کرتا ہے ۔ اب کہیے کون تمہیں پسند ہے ؟ زندہ اور قدیر خدا جو صحیح معنوں میں تمہارا ہمدر ہے ۔ حل لغات : عشیر : ساتھی ، ہم صحبت ، دوست ۔