سورة طه - آیت 62

فَتَنَازَعُوا أَمْرَهُم بَيْنَهُمْ وَأَسَرُّوا النَّجْوَىٰ

ترجمہ تیسیر الرحمن لبیان القرآن - محمد لقمان سلفی صاحب

تو وہ اپنے معاملے میں آپس میں اختلاف کرنے لگے، اور سرگوشی کرنے لگے۔

تفسیر سراج البیان - مولانا حنیف ندوی

(ف ١) جب فرعون اپنے جادوگروں اور لشکر کے ساتھ موسیٰ (علیہ السلام) کے مقابلہ میں آگیا تو حضرت موسیٰ (علیہ السلام) نے واعظانہ طور پر فرمایا کم بختو ، حقیقت وصداقت کے پیغام کو سحر وجادو سے تعبیر کر کے کیوں اللہ پر بہتان باندھتے ہو ، کیا تمہارے دلوں میں خوف موجود نہیں ، کیا تم اللہ سے نہیں ڈرتے ؟ یاد رکھو اگر تمہارے تمرد کا یہی عالم رہا ، تو نیست ونابود کردیئے جاؤ گے ، ان لوگوں نے یہ باتیں سنیں ، اور آپس میں اختلاف رائے کا اظہار کرنے لگے ، اور بالآخر اسی بات پر جمع ہوگئے جس کو فرعون نے ان میں پھیلایا تھا کہ موسیٰ (علیہ السلام) وہارون (علیہ السلام) دو جادوگر ہیں ، جو چاہتے ہیں کہ قبطیوں کو ان کے گھروں سے نکال دیں ، اور ان کی روایات سے ان کو پلٹ دیں ، آخر اس بات پر اتفاق ہوا ، کہ سب لوگ پوری تیاری کرکے صف آراء ہوں تمام تدبیریں حق کو سرنگوں کرنے کے لئے صرف کردیں ، اور پوری قوت کے ساتھ باطل کا مظاہرہ کیا جائے ، معلوم ہوتا ہے ، فرعون کے زمانہ میں سحر وجادو کا بہت زور تھا اور مذہبی راہ نما عموما شعبدہ باز اور کرشمہ ساز ہوتے تھے جو سادہ لوح قبطیوں اور اسرائیلیوں کو گمراہ کرتے ، ابتداء جب انہوں نے حضرت موسیٰ (علیہ السلام) اور ہارون (علیہ السلام) کو بھی مسند رشد و ہدایت پر فائز دیکھا ، تو انہوں نے یہی سمجھا کہ یہ بھی کاہن یا جادوگر ہیں ، کیونکہ ان کے زمانے میں اس قماش کے لوگ ہادی اور مذہبی قائد خیال کئے جاتے تھے ۔ حل لغات : ان ھذن : میں اصحاب نحو وادب نے بیسیوں صورتیں پیش کی ہیں ، مگر سب نوع کے حجابات میں الجھن کو دور نہیں کرتے ، کہ آخر قرآن میں اس غیر مانوس انداز کو کیوں اختیار کیا گیا ، تفصیلات کا یہ مقام نہیں یوں سمجھ لیجئے ، کہ ہر آیت میں کی ایک موسیقی ہوتی ہے ، اور اس آیت کی صوتی مناسبت کا تقاضا یہ تھا کہ ھذن پر ان اثر انداز نہ ہو تاکہ آیت کی موسیقی قائم رہے اور یہ کمال بلاغت ہے ۔ حبالھم : رسے ، حبل کی جمع ، عستہم ، عصاء کی جمع ہے ۔