سورة البقرة - آیت 223

نِسَاؤُكُمْ حَرْثٌ لَّكُمْ فَأْتُوا حَرْثَكُمْ أَنَّىٰ شِئْتُمْ ۖ وَقَدِّمُوا لِأَنفُسِكُمْ ۚ وَاتَّقُوا اللَّهَ وَاعْلَمُوا أَنَّكُم مُّلَاقُوهُ ۗ وَبَشِّرِ الْمُؤْمِنِينَ

ترجمہ تیسیر الرحمن لبیان القرآن - محمد لقمان سلفی صاحب

تمہاری بیویاں تمہاری کھیتی ہیں، تم اپنی کھیتی میں جدھر سے چاہو آؤ (314) اور اپنے لیے اللہ کے پاس نیکیاں (315) بھیجتے رہو، اور اللہ سے ڈرتے رہو، اور جان لوکہ تم لوگ اس سے ملنے والے ہو، اور اے نبی آپ مومنوں کو خوشخبری دے دیجئے

تفسیر سراج البیان - مولانا حنیف ندوی

تربیت اولاد : (ف ١) اس لئے پیشتر کی آیات میں بتایا گیا تھا کہ عورت کی عزت وحرمت کے یہ منافی ہے کہ تم اس سے ہر حال میں جنسی جذبات کی توقع رکھو ان آیات میں بتایا کہ عورت کی حیثیت ودرجہ کیا ہے ۔ اسلام سے پہلے عورتوں سے نہایت برا سلوک کیا جاتا تھا ، اسلام نے آکر بتایا کہ عورتیں عزت واحترام کی مستحق ہیں اور کھیتی کی مانند ہیں ، جس طرح ایک کسان اور زمیندار اپنی کھیتی کا خیال رکھتا ہے اس کی حفاظت کرتا ہے اور اسے اپنی قیمتی متاع سمجھتا ہے اسی طرح مسلمان کو عورت کی عزت کرنا چاہئے ، جس طرح کھیتی سے ہمارے لئے مختلف النوع چیزیں مہیا ہوتی ہیں ، اسی طرح عورتیں ہمارے لئے ہماری اولاد پیدا کرتی ہیں اور جس طرح ایک کاشت کار کی غرض یہ ہوتی ہے کہ پیداوار قیمتی ہو ، اسی طرح مرد کو کوشش کرنی چاہئے کہ وہ نیک اور تندرست نسل پیدا کرے جو اس کے لئے اور امت مسلمہ کے لئے باعث برکت ثابت ہو ، یعنی ان کی تربیت میں شدید سے شدید محنت برداشت کرے ، بالکل کسان کی طرح کہ وہ سخت جاڑوں میں بھی صبح صبح کھیت میں پہنچ جاتا ہے ، (آیت) ” وقدموا لانفسکم ، وبشرالمؤمنین “ کا مطلب صاف صاف یہ ہے کہ تم اس رشتہ کی اہمیت کو سمجھو ، صرف وضائف جنسی کا کسی نہ کسی طرح ادا کردینا کوئی قابل اجر بات نہیں ، البتہ نیک ومستعد اولاد پیدا کرنا ضرور لائق بشارت وتبریک ہے ۔