سورة مريم - آیت 11

فَخَرَجَ عَلَىٰ قَوْمِهِ مِنَ الْمِحْرَابِ فَأَوْحَىٰ إِلَيْهِمْ أَن سَبِّحُوا بُكْرَةً وَعَشِيًّا

ترجمہ تیسیر الرحمن لبیان القرآن - محمد لقمان سلفی

پس وہ محراب سے نکل کر اپنی قوم کے پاس آئے اور ان سے اشارہ میں کہا کہ تم لوگ صبح و شام اللہ کی تسبیح بیان کرو۔

تفسیرسراج البیان - محممد حنیف ندوی

انسانی تقاضے : (ف1) اللہ تعالیٰ نے حضرت زکریا (علیہ السلام) کی سن لی ، اور ان کو بشارت دی اور فرمایا ہاں ضرور ایک سعادت مند لڑکا ہوگا ، حضرت زکریا (علیہ السلام) نے فرمایا کیا بڑھاپے میں بھی ایسا ہو سکتا ہے ؟ اللہ تعالیٰ نے جوابا ارشاد فرمایا ﴿هُوَ عَلَيَّ هَيِّنٌ کہ اس قسم کے خرق عادات ہمارے لئے کچھ بھی دشوار نہیں ، حضرت زکریا (علیہ السلام) اس جواب سے گو مطمئن ہوگئے مگر تقاضائے بشریت سے مزید تسلی کے لئے پوچھا کہ اس وقت سعادت کی علامتیں کیا ہوں گی ؟ کیونکہ انبیاء علیہم السلام جہاں نبوت سے سرفراز ہوتے ہیں اور تائید الہی سے نوازے جاتے ہیں ، وہاں بشری تقاضے بھی ان میں موجود رہتے ہیں ، اور قدرتا ان کے دل میں بھی وہی سوالات پیدا ہوتے ہیں جو ایک انسان کے دل میں پیدا ہو سکتے ہیں ۔ اللہ تعالیٰ نے فرمایا : ’’عدم تکلم “ علامت ہے ، عدم تکلم کی دو صورتیں ہیں ایک یہ کہ حضرت زکریا (علیہ السلام) سے ان دنوں گفتگو کی قوت سلب کرلی جائے اور وہ لوگوں سے مخاطب نہ ہو سکیں اور دوسری یہ کہ عمدا گفتگو سے پرہیز کریں اور ایک قسم کا روزہ رکھیں ، بہرحال مقصد یہ ہے کہ ان اوقات میں حضرت زکریا (علیہ السلام) اللہ کی حمد وثنا میں مصروف رہیں ۔ حل لغات: الْمِحْرَابِ: زاویہ عبادت یاحجرہ ۔