سورة النحل - آیت 110

ثُمَّ إِنَّ رَبَّكَ لِلَّذِينَ هَاجَرُوا مِن بَعْدِ مَا فُتِنُوا ثُمَّ جَاهَدُوا وَصَبَرُوا إِنَّ رَبَّكَ مِن بَعْدِهَا لَغَفُورٌ رَّحِيمٌ

ترجمہ تیسیر الرحمن لبیان القرآن - محمد لقمان سلفی صاحب

پھر جن لوگوں نے آزمائشوں (٦٨) میں پڑنے کے بعد ہجرت کی راہ اختیار کی، پھر (اللہ کے لیے) جہاد کیا اور صبر سے کام لیا، تو بیشک آپ کا رب ان آزمائشوں کے بعد بڑا مغفرت کرنے والا، بے حد رحم کرنے والا ہے۔

تفسیر سراج البیان - مولانا حنیف ندوی

اسلام جرات آموز ہے ! (ف ١) یعنی وہ لوگ جنہوں نے اللہ کی راہ میں مصیبتوں کو برداشت کیا ، جنہوں نے گھر اور وطن کی آسائشوں کو چھوڑا جنہوں نے مسافرت اور ہجرت اختیار کی جنہوں نے نفس اور باطل قوتوں کے خلاف جہاد کیا ، ان کے لئے اللہ کی بخششیں اور عنائتیں ہیں وہی اس کی مغفرت اور رحمت کے مستحق ہیں ۔ اس آیت سے صاف معلوم ہوتا ہے کہ بحالات مجبوری شر سے محفوظ رہنے کے لئے کفر کا اظہار جائز ہے ، بہتر نہیں ، یعنی اللہ ایسے اہل کفر پر مواخذہ نہیں کرے گا ، مگر اس کے یہ معنی نہیں ، کہ یہ فضیلت کی چیز ہے ، اس جواز کو جو مخصوص حالات میں قابل استفادہ ہے عام کردینا ، اور اسے فضیلت دینا دین فطرت کی توہین کرنا ہے ۔ اسلام جرات اور اظہار حق کو بہترین فضیلت قرار دیتا ہے ، وہ مسلمان کو مجاہد دیکھنا چاہتا ہے جو پوری جسارت کے ساتھ باطل کے خلاف صف آراء ہو سکے ، اور جو بزدل ہے ، جہاد سے جی چراتا ہے ، مجاہد نہیں کہلا سکتا ، یہ کمزوری اور بزدلی کا کھلا اعتراف ہے ، اسلام خفیہ فریب کاریوں کا قطعا پسند نہیں کرتا ، اس کی تعلیم واضح اور بین ہے وہ ہرگز تعلیمات وعقائد کو چھپانا نہیں چاہتا ۔