سورة یونس - آیت 83
فَمَا آمَنَ لِمُوسَىٰ إِلَّا ذُرِّيَّةٌ مِّن قَوْمِهِ عَلَىٰ خَوْفٍ مِّن فِرْعَوْنَ وَمَلَئِهِمْ أَن يَفْتِنَهُمْ ۚ وَإِنَّ فِرْعَوْنَ لَعَالٍ فِي الْأَرْضِ وَإِنَّهُ لَمِنَ الْمُسْرِفِينَ
ترجمہ تیسیر الرحمن لبیان القرآن - محمد لقمان سلفی صاحب
پس فرعون اور اس کے سرداروں کے خوف سے موسیٰ پر صرف ان کی قوم کے لوگ ہی ایمان (٥٥) لائے، انہیں ڈر تھا کہ کہیں فرعون انہیں آزمائش میں نہ ڈال دے، اور بیشک سا ملک میں فرعون بڑا سرکش ہوگیا تھا، اور وہ حد سے تجاوز کرگیا تھا۔
تفسیر سراج البیان - مولانا حنیف ندوی
(ف ١) باوجود کامیابی کے پھر بھی ابتدا چند ہی لوگ ایمان لائے کیونکہ ان کے دلوں میں فرعون کا ڈر بےطرح متمکن ہوچکا تھا ، صدیوں کی غلام قومیں جرات وجسارت سے محروم ہوجاتی ہیں ، اور اظہار حق کی قوت ان سے چھن جاتی ہے ، یہ عام قاعدہ ہے ، بنی اسرائیل بھی چار سو سال سے غلام چلے آرہے تھے اس لئے فرعون کے غلبہ سے طبعی طور پر مرعوب ومغلوب تھے ۔