سورة التوبہ - آیت 123

يَا أَيُّهَا الَّذِينَ آمَنُوا قَاتِلُوا الَّذِينَ يَلُونَكُم مِّنَ الْكُفَّارِ وَلْيَجِدُوا فِيكُمْ غِلْظَةً ۚ وَاعْلَمُوا أَنَّ اللَّهَ مَعَ الْمُتَّقِينَ

ترجمہ تیسیر الرحمن لبیان القرآن - محمد لقمان سلفی صاحب

اے ایمان والو ! تمہارے آس پاس جو کفار ہیں ان سے جنگ (٩٨) کرو اور تمہیں ان کے ساتھ برتاؤ میں سختی کرنی چاہیے، اور جان لو کہ بیشک اللہ تقوی والوں کے ساتھ ہے۔

تفسیر سراج البیان - مولانا حنیف ندوی

(ف ٢) اس آیت میں اصول جہاد کی تشریح کی گئی ہے کہ سب سے پہلے جو قریب کے دشمن ہیں ، ان سے جنگ کی جائے پھر ان لوگوں سے جو پہلوں سے نسبۃ قریب ہوں ، یعنی اقرب فالاقرب کا اصول مد نظر رکھا جائے ، اس طریق سے طاقت وقوت میں باقاعدہ ترقی ہوتی رہتی ہے حضور (صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم) نے اس طریق جہاد پر عمل فرمایا ، سب سے پہلے مکے والوں سے معرکے رہے ، اس کے بعد تمام اہل عرب سے ، پھر اہل کتاب سے یعنی بنی قریظہ و بنی نضیر سے ، اس کے بعد خیبروفدک میں جنگ رہی ، صحابہ کرام (رض) عنہم اجمعین نے بھی اسی آئین کو ملحوظ رکھا ، روم ، شام عراق اور تمام بلاد میں اسی ترتیب وتسلسل کو جاری رکھا ، (آیت) ” ولیجدوا فیکم غلظۃ “۔ کے معنی یہ ہیں کہ مسلمان کو دشمن کے مقابلہ میں پرہیبت اور پرجلال رہنا چاہئے کافر مسلمان کے کسی بشر کو دیکھے اور لرزہ براندام ہوجائے ، جب جاکر اسلام مکمل ہوتا ہے ۔ (آیت) ” واعلموا ان اللہ ھو المتقین “۔ میں اس بات کی جانب صریح اشارہ ہے کہ صحیح اتقاء ہیبت وجلال کا نام ہے ضعف وناتوانی کا نہیں ، صحیح معنوں میں متقی وہ ہے ، جو کفر کے بدن پر کپکپی طاری کر دے اور جسے دیکھ کر کفر سہم جائے ۔ حل لغات : نفر : نکل کھڑا ہوا ، غلظۃ : سختی تندی ۔ رجسا : غلاظت کفر ونفاق ۔