سورة الناس - آیت 1

قُلْ أَعُوذُ بِرَبِّ النَّاسِ

ترجمہ تیسیر الرحمن لبیان القرآن - محمد لقمان سلفی صاحب

اے میرے نبی ! آپ کہہ دیجیے (١) میں انسانوں کے رب کی پناہ میں آتا ہوں

تفسیر ثنائی - ثنا اللہ امرتسری

(1۔6) اے رسول گذشتہ دعا کے ساتھ یہ بھی کہہ کہ میں انسانوں کے پروردگار کی پناہ میں آتا ہوں جو سب لوگوں کا حقیقی بادشاہ ہونے کے علاوہ سب انسانوں کا حقیقی معبود ہے اس کی پناہ لیتا ہوں چھپ چھپا کر وسوسے ڈالنے والوں کے شر سے خواہ جنوں سے ہوں یا انسانوں سے یعنی انسان جو دوست بن کر دشمنی کریں ان سے اور جو کھلے دشمنی کریں ان سے بھی میں اللہ کی پناہ میں آتا ہوں اللہ مجھے ان ہر قسم کے اعداء سے محفوظ رکھے۔ آمین اللھم اعذنی من شر حاسد من کل خناس اٰمین