سورة الہب - آیت 1
تَبَّتْ يَدَا أَبِي لَهَبٍ وَتَبَّ
ترجمہ تیسیر الرحمن لبیان القرآن - محمد لقمان سلفی صاحب
ابو لہب ہلاک و برباد (١) ہوا اور وہ کبھی کامیاب نہیں ہوا
تفسیر ثنائی - ثنا اللہ امرتسری
(1۔5) اے رسول تیری فتح ونصرت کی خبر سن کر تیرا دشمن جوش دکھاتا ہے مسلمانوں کی توہین کرنے میں اچھلتا پھرتا ہے ایسے جوش والے دشمن کے ہاتھ ٹوٹ جائیں اور تو سمجھ کہ ٹوٹ چکے کیونکہ ہمارے حکم کو کوئی رد کرنے والا نہیں یہ کمبخت مر کر ایسے عذاب میں پھنسے گا نہ اس کا مال اس کے کچھ کام آئے گا نہ اس کی اور کسی طرح کی کمائی بلکہ مرتے ہی اپنے جیسی جوش والی میں داخل ہوگا اس کی عورت بھی اس کے ساتھ ہی ایندھن اٹھائے ہوئے داخل جہنم ہوگی اس کی گردن میں مونج کی رسی ہوگی جس سے بندریوں کی طرح کھینچی ہوئی دوزخ میں داخل ہوگی۔ اللھم اعذنا منھا ” ابولہب“ کا اصلی ترجمہ جوشیلا ہے آنحضرت (صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم) کے چچا کو بھی ابولہب اس لیے کہا گیا ہے کہ اس میں بڑا جوش تھا۔