سورة المنافقون - آیت 3
ذَٰلِكَ بِأَنَّهُمْ آمَنُوا ثُمَّ كَفَرُوا فَطُبِعَ عَلَىٰ قُلُوبِهِمْ فَهُمْ لَا يَفْقَهُونَ
ترجمہ تیسیر الرحمن لبیان القرآن - محمد لقمان سلفی صاحب
وہ لوگ ایسا اس لئے کرتے ہیں کہ وہ (بظاہر) ایمان (٢) لے آئے، پھر کفر پر ہی قائم رہے تو ان کے دلوں پر مہر لگا دی گئی، اس لئے وہ بالکل نہیں سمجھتے ہیں
تفسیر ثنائی - ثنا اللہ امرتسری
یہ حالت بد ان کی اس لئے ہوئی ہے کہ یہ لوگ پہلے ایمان لائے تھے اچھے بھلے کا۔ اسلام کے قائل ہوئے تھے پھر دنیاوی اغراض کے ماتحت منکر ہوگئے ایسے منکر ہوئے کہ پھر اسی انکار پر جم گئے پس اللہ کی طرف سے ان کے دلوں پر مہر لگائی گئی نتیجہ یہ ہوا کہ وہ اپنے بدافعال کا انجام بد سمجھتے نہیں اپنی دغابازی کو اپنی کامیابی کا ذریعہ سمجھتے ہیں