سورة الصف - آیت 4

إِنَّ اللَّهَ يُحِبُّ الَّذِينَ يُقَاتِلُونَ فِي سَبِيلِهِ صَفًّا كَأَنَّهُم بُنْيَانٌ مَّرْصُوصٌ

ترجمہ تیسیر الرحمن لبیان القرآن - محمد لقمان سلفی صاحب

بے شک اللہ ان لوگوں کو پسند (٣) کرتا ہے جو اس کی راہ میں ایک صف بنا کر اس طرح جہاد کرتے ہیں کہ جیسے وہ سیسہ پلائی ہوئی دیوار ہوں

تفسیر ثنائی - ثنا اللہ امرتسری

پس یہ اصولی بات یاد رکھ کر سنو ! ایمان کا دعویٰ رکھتے ہو تو جہاد کے لئے مستعد ہوجائو کیونکہ جہاد میں دو فائدے ہیں ایک ایمانی امتحان دوم یہ کہ اللہ تعالیٰ ان لوگوں کو دوست رکھتا ہے جو اس کی راہ میں صفیں باندھ کر ڈٹ کر دشمنان دین سے جہاد میں لڑتے ہیں ایسے ڈٹ کر لڑتے ہیں گویا وہ چونے گچ دیوار ہیں کیا مجال کہ دشمن کا رعب یا ضرب ان کو ہلا یا پھسلا سکے کیونکہ ان کا قول ہے۔ ؎ سب نکل جائیں گی او قاتل ہماری حسرتیں جبکہ سر اپنا تیرے زیر قدم دے دیں گے ہم