سورة الحجرات - آیت 5

وَلَوْ أَنَّهُمْ صَبَرُوا حَتَّىٰ تَخْرُجَ إِلَيْهِمْ لَكَانَ خَيْرًا لَّهُمْ ۚ وَاللَّهُ غَفُورٌ رَّحِيمٌ

ترجمہ تیسیر الرحمن لبیان القرآن - محمد لقمان سلفی صاحب

اور اگر وہ صبر کرتے، یہاں تک کہ آپ ان کے پاس نکل کر آتے، تو ان کے لئے بہتر ہوتا، اور اللہ بڑا معاف کرنے والا، بے حد رحم کرنے والا ہے

تفسیر ثنائی - ثنا اللہ امرتسری

اور اگر وہ صبر کرتے یعنی آوازیں نہ دیتے یہاں تک کہ تو خود ہی ان کے پاس آنکلتا تو یہ ان کے لئے بہتر ہوتا۔ کیونکہ ایک سردار کا دل خانگی اور شخصی ضروریات سے خالی ہو۔ تو بیرونی امور کی طرف اچھی طرح متوجہ ہوسکتا ہے مگر چونکہ یہ لوگ دل سے مخلص ہیں اور عقل کے خام۔ اس لئے اللہ تعالیٰ ان کو بخش دے گا۔ کیونکہ وہ بخشنے والا مہربان ہے۔