سورة الفرقان - آیت 71

وَمَن تَابَ وَعَمِلَ صَالِحًا فَإِنَّهُ يَتُوبُ إِلَى اللَّهِ مَتَابًا

ترجمہ تیسیر الرحمن لبیان القرآن - محمد لقمان سلفی صاحب

اور جو شخص توبہ کرلیتا ہے اور عمل صالح کرتا ہے تو وہ اللہ کی طرف پورے طور پر لوٹ آتا ہے۔

تفسیر ثنائی - ثنا اللہ امرتسری

وہ کیوں نہ اپنے بندوں کے گناہ معاف کرے جب کہ دنیا میں کمینہ سے کمینہ اور رذیل سے رذیل لوگ بھی اپنے نوکروں اور ماتحتوں کو توبہ کرنے پر معاف کردیتے ہیں اللہ تو چشمہ رحمت ہے مگر ہاں یہ ضروری ہے کہ توبہ صرف زبان سے نہ ہو بلکہ توبہ کے بعد اعمال صالح بھی ہوں اس لئے کہ یہ قاعدہ کلیہ ہے جو کوئی توبہ کر کے نیک عمل کرتے ہیں حقیقت میں وہی اللہ کی طرف جھکتے ہیں ایسے ہی لوگوں کے لئے یہ حکم ہے التائب من الذنب کمن لا ذنب لہ یعنی گناہوں سے توبہ کرنیوالے ایسے ہیں گویا انہوں نے گناہ کئے ہی نہیں کہ وہ جن کا یہ قول ہو کہ شب کو مے خوب سی پی صبح کو توبہ کرلی رند کے رند رہے ہاتھ سے جنت نہ گئی ایسے ہی لوگوں کے حق میں ہے ترا توبہ زیں تو بہ ادنی ترست