سورة الفرقان - آیت 68

وَالَّذِينَ لَا يَدْعُونَ مَعَ اللَّهِ إِلَٰهًا آخَرَ وَلَا يَقْتُلُونَ النَّفْسَ الَّتِي حَرَّمَ اللَّهُ إِلَّا بِالْحَقِّ وَلَا يَزْنُونَ ۚ وَمَن يَفْعَلْ ذَٰلِكَ يَلْقَ أَثَامًا

ترجمہ تیسیر الرحمن لبیان القرآن - محمد لقمان سلفی صاحب

اور جو اللہ کے ساتھ کسی دوسرے معبود کو نہیں پکارتے ہیں اور جس جان کو اللہ نے حرام کیا ہے اسے ناحق قتل نہیں کرتے ہیں اور نہ وہ زنا کرتے ہیں اور جو کوئی ایسا کرے گا وہ اپنے گناہوں کا بدلہ پائے گا۔

تفسیر ثنائی - ثنا اللہ امرتسری

اور سنو ! رحمان کے بندے وہ لوگ ہیں یعنی ان میں یہ وصف بھی ہوتا ہے کہ اللہ کے ساتھ کسی دوسرے معبود کو نہیں پکارتے بس یہی ان میں اعلیٰ درجہ کا وصف ہے اسی پر ان کی نجات کا مدار کار ہے ان کا مذہب کیا ہے؟ جس کا خلاصہ پند نامہ میں لکھا ہے در بلا یاری مخواہ از ہیچکس زانکہ تبود جز اللہ فریاد رس اور جس جان کے مارنے سے اللہ نے منع کیا ہے اس کو ناحق وہ قتل نہیں کرتے اور نہ زنا کرتے ہیں کیونکہ وہ جانتے ہیں کہ یہ کام برے ہیں اور جو کوئی یہ کام کرے گا وہ اپنے گناہ کی سزا بھگتے گا