سورة الاعراف - آیت 10

وَلَقَدْ مَكَّنَّاكُمْ فِي الْأَرْضِ وَجَعَلْنَا لَكُمْ فِيهَا مَعَايِشَ ۗ قَلِيلًا مَّا تَشْكُرُونَ

ترجمہ تیسیر الرحمن لبیان القرآن - محمد لقمان سلفی صاحب

اور ہم نے تمہیں زمین کا مکین (7) بنایا، اور اس میں تمہارے لیے اسباب معیشت فراہم کیے مگر تم بہت کم اللہ اللہ کا شکر ادا کرتے ہو

تفسیر السعدی - عبدالرحمٰن بن ناصر السعدی

اللہ تبارک و تعالیٰ معاش و مسکن کا ذکر کرتے ہوئے اپنے بندوں پر احسان جتلاتا ہے﴿وَلَقَدْ مَكَّنَّاكُمْ فِي الْأَرْضِ﴾ ” اور ہم نے تمہیں زمین میں ٹھکانا مہیا کیا“ جس سے تم زمین میں گھر بناتے ہو، کھیتی باڑی کرتے ہو اور بعض دیگر وجوہ سے اس سے استفادہ کرتے ہو ﴿وَجَعَلْنَا لَكُمْ فِيهَا مَعَايِشَ﴾ ” اور مقرر کردیں ہم نے اس میں تمہارے لئے روزیاں“ تمام معاش کا دار و مدار ان چیزوں پر ہے جو درختوں، نباتات، معدنیات، مختلف قسم کی صنعتوں اور تجارت سے ہوتی ہیں۔ وہی ہے جس نے تمہیں یہ تمام چیزیں مہیا کیں اور مختلف اسباب کو تمہارے لئے مسخر کیا ﴿قَلِيلًا مَّا تَشْكُرُونَ ﴾ ”(مگر) تم کم ہی شکر کرتے ہو۔“ یعنی تم اللہ تعالیٰ کا بہت ہی کم شکر ادا کرتے ہو، جس نے انواع و اقسام کی نعمتوں سے تمہیں نوازا اور مختلف مصائب کو تم سے دور کیا۔