سورة الانعام - آیت 165

وَهُوَ الَّذِي جَعَلَكُمْ خَلَائِفَ الْأَرْضِ وَرَفَعَ بَعْضَكُمْ فَوْقَ بَعْضٍ دَرَجَاتٍ لِّيَبْلُوَكُمْ فِي مَا آتَاكُمْ ۗ إِنَّ رَبَّكَ سَرِيعُ الْعِقَابِ وَإِنَّهُ لَغَفُورٌ رَّحِيمٌ

ترجمہ تیسیر الرحمن لبیان القرآن - محمد لقمان سلفی صاحب

اور اسی نے تمہیں زمین میں خلیفہ (164) بنایا، اور تم میں سے بعض کو بعض کے مقابلہ میں کئی درجہ بلندی عطا کی، تاکہ جو کچھ تمہیں دیا ہے اس کے ذریعہ تمہیں آزمائے، بے شک آپ کا رب جلد سزا دینے والا ہے، اور وہ بے شک بڑا ہی مغفرت کرنے والا، نہایت مہربان ہے

تفسیر السعدی - عبدالرحمٰن بن ناصر السعدی

﴿ وَهُوَ الَّذِي جَعَلَكُمْ خَلَائِفَ الْأَرْضِ﴾ ” اور وہی تو ہے جس نے زمین میں تم کو اپنا نائب بنایا۔“ یعنی تم ایک دوسرے کے جانشین بنتے ہو۔ اللہ تبارک و تعالیٰ نے تمہیں زمین میں جانشین بنایا اور زمین کی تمام موجودات کو تمہارے لئے مسخر کر کے تمہیں آزمایا تاکہ وہ دیکھے کہ تم کیسے عمل کرتے ہو۔ ﴿وَرَفَعَ بَعْضَكُمْ فَوْقَ بَعْضٍ دَرَجَاتٍ﴾ ” اور بلند کیا اس نے تمہیں درجوں میں ایک کو ایک پر“ یعنی قوت، عافیت، رزق خلقت اور خلق میں ایک دوسرے پر فوقیت عطا کی ﴿لِّيَبْلُوَكُمْ فِي مَا آتَاكُمْ ۗ﴾” تاکہ تمہیں آزمائے وہ ان چیزوں میں جو اس نے تمہیں دیں۔“ پس تمہارے اعمال ایک دوسرے سے متفاوت ہیں ﴿إِنَّ رَبَّكَ سَرِيعُ الْعِقَابِ﴾ ” تمہارا رب ان لوگوں کو بہت جلد سزا دینے والا ہے۔“ ان کو جو اس کی نافرمانی اور اس کی آیات کی تکذیب کرتے ہیں ﴿وَإِنَّهُ لَغَفُورٌ رَّحِيمٌ ﴾ ” اور بیشک وہ بخشنے والا مہربان ہے۔“ ان لوگوں کے لئے جو اس پر ایمان لاتے ہیں، نیک عمل کرتے ہیں اور مہلک گناہوں سے توبہ کرتے ہیں۔