سورة المآئدہ - آیت 61

وَإِذَا جَاءُوكُمْ قَالُوا آمَنَّا وَقَد دَّخَلُوا بِالْكُفْرِ وَهُمْ قَدْ خَرَجُوا بِهِ ۚ وَاللَّهُ أَعْلَمُ بِمَا كَانُوا يَكْتُمُونَ

ترجمہ تیسیر الرحمن لبیان القرآن - محمد لقمان سلفی صاحب

اور جب وہ لوگ (84) تم مسلمانوں کے پاس آتے ہیں تو کہتے ہیں کہ ہم ایمان لے آئے، حالانکہ وہ اپنے دل میں کفر لے کر آئے تھے، اور اسے لیے ہوئے واپس چلے گئے، اور ان کے رازوں کو اللہ خوب جانتا تھا

تفسیر السعدی - عبدالرحمٰن بن ناصر السعدی

﴿وَإِذَا جَاءُوكُمْ قَالُوا آمَنَّا﴾” اور جب وہ تمہارے پاس آتے ہیں تو کہتے ہیں ہم ایمان لائے“ یعنی وہ مکر و فریب اور نفاق کی بنا پر کہتے ہیں ﴿وَقَد دَّخَلُوا بِالْكُفْرِ وَهُمْ قَدْ خَرَجُوا بِهِ﴾” حالانکہ وہ کفر لے کر آتے ہیں اور اسی کو لے کر جاتے ہیں۔“ یعنی وہ اس حال میں داخل ہوئے کہ وہ کفر میں گھرے ہوئے تھے اور اسی کے ساتھ وہ نکلے۔ پس ان کا داخل ہونا اور ان کا نکلنا کفر کے ساتھ ہے۔ بایں ہمہ وہ اپنے آپ کو مومن کہتے ہیں۔ ان سے زیادہ برا اور ان سے زیادہ بد حال کوئی اور ہوسکتا ہے؟ ﴿وَاللّٰهُ أَعْلَمُ بِمَا كَانُوا يَكْتُمُونَ ﴾ ” اور اللہ خوب جانتا ہے جو وہ چھپاتے ہیں“ پس اللہ تعالیٰ ان کو ان کے اچھے، برے اعمال کا بدلہ دے گا۔