سورة الكوثر - آیت 1
إِنَّا أَعْطَيْنَاكَ الْكَوْثَرَ
ترجمہ تیسیر الرحمن لبیان القرآن - محمد لقمان سلفی صاحب
بے شک ہم نے آپ کو خیر کثیر عطا (١) کیا ہے
تفسیر السعدی - عبدالرحمٰن بن ناصر السعدی
اللہ تبارک وتعالیٰ اپنے نبی محمد مصطفیٰ صلی اللہ علیہ وسلم پر احسان کرتے ہوئے خطاب فرماتا ہے :﴿اِنَّآ اَعْطَیْنٰکَ الْکَوْثَرَ﴾ یعنی ہم نے آپ کو خیر کثیر اور فضل عظیم عطا کیا۔ منجملہ اس خیر کثیر میں سے جو اللہ تعالیٰ اپنے نبی کو عطا فرمائے گا ، ایک نہر بھی ہے جس کو (الکوثر) کہا جاتا ہے ، حوض کو ثر کا طول ایک ماہ کی مسافت اور اس کا عرض بھی ایک ماہ کی مسافت ہے ، اس کا پانی دودھ سے زیادہ سفید اور شہد سے بڑھ کر میٹھا ہے ، اس کے پینے کے برتن اپنی کثرت اور چمک میں، آسمان کے ستاروں کے مانند ہوں گے ۔ جو کوئی حوض کو ثر سے ایک مرتبہ پانی پی لے گا اس کے بعد اسے کبھی پیاس نہیں لگے گی۔