لَقَدْ خَلَقْنَا الْإِنسَانَ فِي أَحْسَنِ تَقْوِيمٍ
یقیناً ہم نے آدمی کو سب سے اچھی ہئیت میں پیدا کیا ہے
اور جس امر پر قسم کھائی گئی ہے اور وہ اللہ تعالیٰ کا یہ ارشاد ہے : ﴿لَقَدْ خَلَقْنَا الْاِنْسَانَ فِیْٓ اَحْسَنِ تَقْوِیْمٍ﴾ ” ہم نے انسان کو بہت اچھی صورت میں پیدا کیا ہے ۔“ یعنی کامل تخلیق، متناسب اعضا اور بلند قامت کے ساتھ پیدا کیا ہے ، وہ ظاہر اور باطن میں جس چیز کا محتاج ہے ، اس سے محروم نہیں۔ ان عظیم نعمتوں کے باوجود جن کاشکر کیا جانا چاہیے ، اکثر مخلوق منعم کے شکر سے منحرف ور لہوو لعب میں مشغول ہے ۔ لوگ اپنے لیے پست ترین معاملے اور ردی اخلاق پر راضی ہیں۔ پس اللہ تعالیٰ نے ان کو پست سے پست مقام کی طرف لوٹادیا ، یعنی جہنم کا سب سے نچلا حصہ جو اپنے رب کی نافرمانی کرنے والے سرکشوں کا مقام ہے ، سوائے ان لوگوں کے جن کو اللہ تعالیٰ نے ایمان، عمل صالح اور اخلاق فاضلہ سے نوازا۔