سورة المطففين - آیت 10

وَيْلٌ يَوْمَئِذٍ لِّلْمُكَذِّبِينَ

ترجمہ تیسیر الرحمن لبیان القرآن - محمد لقمان سلفی صاحب

اس دن ہلاکت و بربادی ہے جھٹلانے والوں کے لئے

تفسیر السعدی - عبدالرحمٰن بن ناصر السعدی

﴿وَیْلٌ یَّوْمَیِٕذٍ لِّلْمُکَذِّبِیْنَ﴾ ” اس دن جھٹلانے والوں کے لیے تباہی ہے۔“ پھر مکذبین کو اس طرح واضح فرمایا : ﴿الَّذِیْنَ یُکَذِّبُوْنَ بِیَوْمِ الدِّیْنِ ﴾ جو یوم جزا کو جھٹلاتے ہیں جس دن اللہ تعالیٰ لوگوں کو ان کے اعمال کا بدلہ دے گا ۔ ﴿وَمَا یُکَذِّبُ بِہٖٓ اِلَّا کُلُّ مُعْتَدٍ ٍ ﴾” اسے صرف وہی جھٹلاتا ہے جو حد سے نکل جاتا ہے ۔“ یعنی اللہ تعالیٰ کے محارم میں تجاوز کرنے والا، حلال کی حدود کو پھلانگ کر حرام میں داخل ہونے والا۔ ﴿أَثِيمٍ ﴾۔ یعنی بہت زیادہ گناہوں کا ارتکاب کرنے والا۔ اس کا ظلم اور سرکشی اسے تکذیب پر آمادہ کرتی ہے اور اس کے لیے تکبر اور حق کو رد کرنے کا موجب بنتی ہے۔