سورة الجن - آیت 22

قُلْ إِنِّي لَن يُجِيرَنِي مِنَ اللَّهِ أَحَدٌ وَلَنْ أَجِدَ مِن دُونِهِ مُلْتَحَدًا

ترجمہ تیسیر الرحمن لبیان القرآن - محمد لقمان سلفی صاحب

آپ کہہ دیجیے، مجھے اللہ کے عذاب سے کوئی پناہ نہیں دے سکتا، اور میں اس کے سوا کوئی جائے پناہ نہیں پاتا

تفسیر السعدی - عبدالرحمٰن بن ناصر السعدی

﴿قُلْ اِنِّیْ لَنْ یُّجِیْرَنِیْ مِنَ اللّٰہِ اَحَدٌ﴾ ” کہہ دیجئے: مجھے ہرگز کوئی اللہ سے نہیں بچاسکتا۔“ یعنی میں کسی سے فریاد رسی نہیں چاہتا جو مجھے اللہ تعالیٰ کے عذاب سے بچائے۔ جب رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم جو مخلوق میں کامل ترین ہستی ہیں، کسی نقصان اور رشد وہدایت کا اختیار نہیں رکھتے اگر اللہ تعالیٰ آپ کو کوئی تکلیف پہنچانے کا ارادہ کرے تو آپ اپنے آپ کو اس سے بچا نہیں سکتے تو پھر مخلوق میں سے دیگرلوگوں کا اپنے آپ کو بچانے پر قادر نہ ہونا اولیٰ واحری ہے۔ ﴿وَّلَنْ اَجِدَ مِنْ دُوْنِہٖ مُلْتَحَدًا﴾ ” اور اس کے سوا میں کوئی پناہ گاہ اور بچ نکلنے کی جگہ نہیں پاتا۔“