خَلَقَ السَّمَاوَاتِ وَالْأَرْضَ بِالْحَقِّ وَصَوَّرَكُمْ فَأَحْسَنَ صُوَرَكُمْ ۖ وَإِلَيْهِ الْمَصِيرُ
اس نے آسمانوں اور زمین کو حکمت و مصلحت کے مطابق پیدا (٣) کیا ہے، اور اس نے تمہاری شکلیں بنائیں تو انہیں خوبصورت بنائیں، اور سب کو اسی کے پاس لوٹ کر جانا ہے
اللہ تبارک وتعالیٰ نے انسان کی، جو مامورات و منہیات کا مکلف ہے ،تخلیق کا ذکر کرنے کے بعد باقی مخلوقات کا ذکر فرمایا ،چنانچہ فرمایا :﴿خَلَقَ السَّمٰوٰتِ وَالْاَرْضَ﴾ ”اس نے پیدا کیا آسمانوں اور زمین کو۔“ یعنی تمام اجرام ارضی وفلکی اور ان چیزوں کو خوب اچھی طرح تخلیق فرمایا جو ان کے اندر ہیں ﴿ بِالْحَقِّ ﴾ ”حق کے ساتھ۔“ یعنی حکمت کے ساتھ اور اس غرض وغایت کے لیے جو اللہ تعالیٰ کو مقصود و مطلوب ہے۔ ﴿ وَصَوَّرَکُمْ فَاَحْسَنَ صُوَرَکُمْ ﴾ ”اور اس نے تمہاری صورت گری کی اور تمہاری بہترین صورتیں بنائیں۔“ جیسا کہ اللہ تعالیٰ کا ارشاد ہے: ﴿ لَقَدْ خَلَقْنَا الْإِنسَانَ فِي أَحْسَنِ تَقْوِيمٍ ﴾( التین :95؍4) ”ہم نے انسان کو بہترین صورت میں پیدا کیا ہے۔“ پس انسان صورت کے اعتبار سے تمام مخلوقات میں سب سے خوبصورت دلکش دکھائی دیتا ہے۔ ﴿وَاِلَیْہِ الْمَصِیْرُ﴾ یعنی قیامت کے دن اسی کی طرف تمہیں لوٹنا ہے۔ پس وہ تمہیں تمہارے ایمان اور کفر کی جزاوسزا دے گا ،تم سے ان نعمتوں کے بارے میں پوچھے گا جو اس نے تمہیں عطا کیں کہ آیا تم نے ان نعمتوں پر شکر ادا کیا ہے یا نہیں۔