إِنَّ هَٰذَا لَهُوَ حَقُّ الْيَقِينِ
بے شک یہ ساری باتیں یقینی طور پر برحق ہیں
﴿اِنَّ ھٰذَا﴾ یہ سب کچھ جس کا اللہ تعالیٰ نے ذکر فرمایا ہے ،مثلا بندوں کے اچھے برے اعمال کی جزا وسزا، اور اس کی تفاصیل ﴿ لَہُوَ حَقُّ الْیَقِیْنِ﴾ ’’بلاشبہ یہی (مذکور )حق الیقین ہے۔‘‘ یعنی اس میں کوئی شک وشبہ نہیں۔ بلکہ یہ ثابت شدہ حق ہے جس کا وقوع لازمی ہے۔ اللہ تعالیٰ نے اپنے بندوں کے سامنے اس پر قطعی دلائل پیش کیے ہیں اور اس کی حیثیت خرد مندوں کے نزدیک ایسے ہے گویا کہ وہ اس کا ذائقہ چکھ رہے ہوں اور اس کی حقیقت کا مشاہدہ کررہے ہوں۔ پس انہوں نے اس امر پر اللہ تعالیٰ کی حمد وثنا بیان کی کہ اس نے ان کو اس عظیم نعمت اور اتنی بڑی عنایت سے مختص کیا۔ بنابریں اللہ تعالیٰ نے فرمایا ﴿فَسَبِّحْ بِاسْمِ رَبِّکَ الْعَظِیْمِ﴾ ’’لہذا تو اپنے عظیم الشان پروردگار کی تسبیح کر۔ ‘‘پس پاک ہے ہمارا رب عظیم، منزہ اور بہت بلند وبرتر ان باتوں سے جو منکرین حق (اس کے بارے میں) کرتے ہیں۔