سورة الرحمن - آیت 56

فِيهِنَّ قَاصِرَاتُ الطَّرْفِ لَمْ يَطْمِثْهُنَّ إِنسٌ قَبْلَهُمْ وَلَا جَانٌّ

ترجمہ تیسیر الرحمن لبیان القرآن - محمد لقمان سلفی صاحب

ان جنتوں میں نیچی نگاہ والی حوریں (٢٢) ہوں گی جنہیں اہل جنت سے پہلے نہ کسی انسان نے چھوا ہوگا اور نہ کسی جن نے

تفسیر السعدی - عبدالرحمٰن بن ناصر السعدی

﴿فِیْہِنَّ قٰصِرٰتُ الطَّرْفِ ﴾ ’’ان میں نیچی نگاہیں والی (حوریں) ہوگی۔‘‘ یعنی ان کی نگاہیں، اپنے حسن و جمال اور اپنے شوہروں کے ساتھ کامل محبت کی بنا پر صرف انہی پر لگی ہوئی ہوں گی، اسی طرح ان کے شوہروں کی نگاہیں بھی ان کے حسن وجمال، ان کے وصل کی لذت اور ان کے ساتھ شدید محبت کی بنا پر صرف انہیں پر جمی ہوں گی۔ ﴿ لَمْ یَطْمِثْہُنَّ اِنْسٌ قَبْلَہُمْ وَلَا جَانٌّ﴾ یعنی ان سے پہلے انہیں جن وانس میں سے کسی نے حاصل نہ کیا ہوگا۔ بلکہ شوہر کی پیاری دوشیزائیں ہوں گی جو حسن اطاعت، حسن وجمال اور نازواد کی وجہ سے اپنے شوہروں کو بہت محبوب ہوں گی۔