سورة الذاريات - آیت 1
وَالذَّارِيَاتِ ذَرْوًا
ترجمہ تیسیر الرحمن لبیان القرآن - محمد لقمان سلفی صاحب
ان ہواؤں کی قسم (١) جو گرد اڑاتی ہیں
تفسیر السعدی - عبدالرحمٰن بن ناصر السعدی
یہ اللہ تعالیٰ کی طرف سے، جو اپنے قول میں سچا ہے، ان عظیم مخلوقات کی قسم ہے جن کے اندر اس نے بہت مصالح اور منافع مقرر کر رکھے ہیں، جن کو اس امر کی دلیل بنایا ہے کہ اللہ تعالیٰ کا وعدہ سچا ہے، نیز یہ کہ قیامت کا دن، جزا و سزا اور اعمال کے محاسبے کا دن ہے، جو لامحالہ آنے والا ہے، جسے آنے سے کوئی نہیں روک سکتا۔ پس جب ایک عظیم سچی ہستی اس کی خبر دے، اس پر قسم کھائے اور اس پر دلائل و براہین قائم کرے تو جھٹلانے والے اسے جھٹلا سکتے ہیں نہ عمل کرنے والے اس سے روگردانی کرسکتے ہیں۔ (الذَّارِيَاتِ) یہ وہ ہوائیں ہیں جو اڑا کر بکھیر دیتی ہیں ﴿ذَرْوًا﴾ اپنی نرمی، اپنے لطف، اپنی قوت اور زور سے چلتی ہیں۔