فَإِمَّا نَذْهَبَنَّ بِكَ فَإِنَّا مِنْهُم مُّنتَقِمُونَ
پس اگر ہم آپ کو دنیا سے اٹھا لیں گے تو ہم یقیناً ان (کافروں) سے بدلہ لے کر رہیں گے
قرآن سے ان کی روگردانی کی بنا پر ان کی فطرت اور عقل فاسد ہوگئی اور انہوں نے عقائد فاسدہ گھڑ لئے اور ان میں صفات خبیثہ پیدا ہوگئیں جو انہیں ایمان لانے سے روکتی ہیں اور ان کے اور ہدایت کے درمیان حائل ہیں اور ان کی تباہی میں اضافے کی موجب ہیں۔ اب ان لوگوں کے لئے عذاب اور سزا کے سوا کچھ باقی نہیں اور یہ عذاب انہیں دنیا ہی میں دے دیا جائے گا یا آخرت میں۔ اس لئے اللہ تعالیٰ نے فرمایا : ﴿ فَإِمَّا نَذْهَبَنَّ بِكَ فَإِنَّا مِنْهُم مُّنتَقِمُونَ ﴾ یعنی ہم نے ان کے ساتھ جس عذاب کا وعدہ کیا ہے، آپ کو وہ عذاب دکھانے سے پہلے اگر آپ کو اٹھا لیں تو ہماری سچی خبر کی بنا پر آپ کو معلوم ہونا چاہئے کہ ہم ان سے انتقام لیں گے۔