سورة غافر - آیت 45

فَوَقَاهُ اللَّهُ سَيِّئَاتِ مَا مَكَرُوا ۖ وَحَاقَ بِآلِ فِرْعَوْنَ سُوءُ الْعَذَابِ

ترجمہ تیسیر الرحمن لبیان القرآن - محمد لقمان سلفی صاحب

پس اللہ نے اسے فرعون اور فرعونیوں کی بری سازشوں سے بچا لیا (٢٤) اور فرعونیوں کو برے عذاب نے گھیر لیا

تفسیر السعدی - عبدالرحمٰن بن ناصر السعدی

﴿فَوَقَاهُ اللّٰـهُ سَيِّئَاتِ مَا مَكَرُوا ﴾ ” پس اللہ نے اسے ان کی تدبیروں کے شر سے محفوظ رکھ لیا۔“ قوت والے اللہ نے اس توفیق یافتہ مرد مومن کو فرعون اور آل فرعون کی سازشوں سے بچا لیا جو انہوں نے اس کو ہلاک کرنے کے لئے کی تھیں کیونکہ اس نے ان کے سامنے ایسے امور کا اظہار کیا تھا جو انہیں ناپسند تھے، ان کے سامنے حضرت موسیٰ علیہ السلام کے ساتھ پوری موافقت کا اظہار کیا اور ان کے سامنے وہی دعوت پیش کی جو حضرت موسیٰ علیہ السلام نے پیش کی تھی۔ یہ ایک ایسا معاملہ تھا جسے وہ برداشت نہیں کرسکتے تھے اس وقت طاقت اور اقتدار ان کے پاس تھا اور اس نے ان کو سخت غضب ناک کردیا تھا، چنانچہ انہوں نے اس کو ہلاک کرنے کا منصوبہ بنایا مگر اللہ تعالیٰ نے اس کو ان کے مکرو فریب سے محفوظ رکھا، ان کی سازشیں اور منصوبے انہی پر الٹ گئے۔ ﴿وَحَاقَ بِآلِ فِرْعَوْنَ سُوءُ الْعَذَابِ ﴾ ” اور آل فرعون کو برے عذاب نے آ گھیرا۔“ اللہ تعالیٰ نے ایک ہی عذاب میں ان کے آخری شخص تک کو سمندر میں غرق کردیا۔