سورة ص - آیت 45

وَاذْكُرْ عِبَادَنَا إِبْرَاهِيمَ وَإِسْحَاقَ وَيَعْقُوبَ أُولِي الْأَيْدِي وَالْأَبْصَارِ

ترجمہ تیسیر الرحمن لبیان القرآن - محمد لقمان سلفی صاحب

اور آپ ہمارے بندوں (٢١) ابراہیم اور اسحاق اور یعقوب کو یاد کیجیے جو قوت و بصیرت والے تھے

تفسیر السعدی - عبدالرحمٰن بن ناصر السعدی

اللہ تبارک و تعالیٰ فرماتا ہے : ﴿ وَاذْكُرْ عِبَادَنَا﴾ ” ہمارے اور بندوں کا ذکر کیجیے“ جنھوں نے خالص ہماری عبادت کی اور ہمیں اچھی طرح یاد کیا ﴿ إِبْرَاهِيمَ﴾ ” ابرہیم“ خلیل اللہ ﴿ وَ﴾ ” اور“ ان کے بیٹے ﴿ إِسْحَاقَ وَ﴾ ” اسحاق اور“ ان (ابراہیم) کے پوتے ﴿ يَعْقُوبَ أُولِي الْأَيْدِي﴾ ” یعقوب یہ سب قوت والے تھے۔“ یعنی جو اللہ تعالیٰ کی عبادت کے لیے قوت رکھتے تھے۔ ﴿ وَالْأَبْصَارِ ﴾ اور اللہ تعالیٰ کے دین میں بصیرت سے بہرہ مند تھے۔ پس اللہ تعالیٰ نے ان سب کو علم نافع اور عمل صالح سے موصوف کیا۔