سورة الأحزاب - آیت 26

وَأَنزَلَ الَّذِينَ ظَاهَرُوهُم مِّنْ أَهْلِ الْكِتَابِ مِن صَيَاصِيهِمْ وَقَذَفَ فِي قُلُوبِهِمُ الرُّعْبَ فَرِيقًا تَقْتُلُونَ وَتَأْسِرُونَ فَرِيقًا

ترجمہ تیسیر الرحمن لبیان القرآن - محمد لقمان سلفی صاحب

اور اہل کتاب میں سے جن لوگوں نے ان کی تائید (٢٣) کی تھی، اللہ نے انہیں ان کے قلعوں سے نیچے اتار لیا اور ان کے دلوں میں رعب ڈال دیا، تم لوگ ان میں سے ایک جماعت کو قتل کرنے لگے اور دوسری جماعت کو قید کرنے لگے

تفسیر السعدی - عبدالرحمٰن بن ناصر السعدی

﴿ وَأَنزَلَ الَّذِينَ ظَاهَرُوهُم ﴾ ” اور ہم جنہوں نے ان کی مدد کی تھی ان کو اتارا۔“ یعنی وہ لوگ جنہوں نے حملہ آوروں کی مدد کی ﴿ مِّنْ أَهْلِ الْكِتَابِ ﴾ ” اہل کتاب میں سے“ یعنی یہودیوں میں سے ﴿ مِن صَيَاصِيهِمْ ﴾ ” ان کے قلعوں سے“ یعنی انہیں سلام کے حکم کے تحت مغلوب کرکے ان کے قلعوں سے نیچے اتارا ﴿ وَقَذَفَ فِي قُلُوبِهِمُ الرُّعْبَ ﴾ ” اور ان کے دلوں میں رعب ڈال دیا۔“ پس ان میں لڑنے کی قوت باقی نہ رہی اور وہ اطاعت تسلیم کرتے ہوئے سرنگوں ہوگئے۔ ﴿ فَرِيقًا تَقْتُلُونَ ﴾ تم لڑائی کے قابل مردوں کو قتل کر رہے تھے ﴿وَتَأْسِرُونَ فَرِيقًا ﴾ اور ان مردوں کے علاوہ عورتوں اور بچوں کو قیدی بنا رہے تھے۔