سورة السجدة - آیت 13

وَلَوْ شِئْنَا لَآتَيْنَا كُلَّ نَفْسٍ هُدَاهَا وَلَٰكِنْ حَقَّ الْقَوْلُ مِنِّي لَأَمْلَأَنَّ جَهَنَّمَ مِنَ الْجِنَّةِ وَالنَّاسِ أَجْمَعِينَ

ترجمہ تیسیر الرحمن لبیان القرآن - محمد لقمان سلفی صاحب

اور اگر ہم چاہتے تو ہر شخص کو راہ راست (١١) پر ڈال دیتے لیکن میری یہ بات برحق ہے کہ میں جہنم کو جنوں اور انسانوں تمام سے بھر دوں گا

تفسیر السعدی - عبدالرحمٰن بن ناصر السعدی

اور یہ سب اللہ تعالیٰ کی قضاء و قدر ہے کہ وہ ان کے اور کفر و معاصی کے درمیان سے نکل گیا۔ بنا بریں فرمایا : ﴿ وَلَوْ شِئْنَا لَآتَيْنَا كُلَّ نَفْسٍ هُدَاهَا ﴾ ” اور اگر ہم چاہتے تو ہر نفس کو اس کی ہدایت دے دیتے۔“ یعنی ہم تمام لوگوں کو ہدایت سے نواز کر ہدایت پر جمع کردیتے۔ ہماری مشیت ایسا کرنے کی صلاحیت رکھتی ہے مگر ہماری حکمت یہ نہیں چاہتی کہ تمام لوگ ہدایت پر جمع ہوں، اسی لیے فرمایا : ﴿ وَلَـٰكِنْ حَقَّ الْقَوْلُ مِنِّي ﴾ ” لیکن میری یہ بات بالکل حق ہوچکی ہے۔“ یعنی میرا حکم واجب ہوگیا اور اس طرح ثابت ہوگیا کہ اس میں تغیر کا کوئی گزر نہیں۔ ﴿لَأَمْلَأَنَّ جَهَنَّمَ مِنَ الْجِنَّةِ وَالنَّاسِ أَجْمَعِينَ ﴾ ” کہ میں دوزخ کو جنوں اور انسانوں سے بھردوں گا۔“ یہ وعدہ ضرور پورا ہوگا جس سے کوئی مفر نہیں۔ اس کے اسباب، یعنی کفر و معاصی ضرور متحقق ہوں گے۔