وَأَمَّا الَّذِينَ آمَنُوا وَعَمِلُوا الصَّالِحَاتِ فَيُوَفِّيهِمْ أُجُورَهُمْ ۗ وَاللَّهُ لَا يُحِبُّ الظَّالِمِينَ
اور جو لوگ ایمان لائے اور انہوں نے عمل صالح کیا تو اللہ انہیں ان کا پورا پورا بدلہ دے گا، اور اللہ ظالموں کو پسند نہیں کرتا
﴿وَأَمَّا الَّذِينَ آمَنُوا﴾ ” لیکن جو لوگ ایمان لائے‘،اللہ پر، اس کے فرشتوں پر، اس کی کتابوں پر، اس کے رسولوں پر، موت کے بعد کی زندگی پر اور ان سب امور پر ایمان لائے، جن پر ایمان لانے کا انہیں حکم دیا گیا ہے۔ ﴿وَعَمِلُوا الصَّالِحَاتِ﴾” اور نیک اعمال کئے“ دل، زبان اور بدن سے ادا ہونے والے وہ اعمال جنہیں رسولوں نے مشروع اور مطلوب قرار دیا اور ان اعمال سے ان کا مقصد رب العالمین کو خش کرنا تھا۔ ﴿فَيُوَفِّيهِمْ أُجُورَهُمْ﴾” پس انہیں وہ (اللہ تعالیٰ) ان کا پورا ثبوت دے گا۔“ اس سے معلوم ہوتا ہے کہ انہیں دنیا میں بھی نیکیوں کا ثواب ملے گا، یعنی عزت، احترام، مدد، پاکیزہ زندگی، البتہ مکمل ثواب قیامت کو ملے گا کہ اللہ ہر عمل کرنے والے کو اس کے عمل کا ثواب بھی دے گا اور اپنے فضل و کرم سے مزید انعامات بھی دے گا۔ ﴿وَاللَّـهُ لَا يُحِبُّ الظَّالِمِينَ ﴾ ” اور اللہ ظالموں سے محبت نہیں کرتا“ بلکہ ان سے ناراض ہے اور انہیں عذاب دیتا ہے ۔