سورة الروم - آیت 13

وَلَمْ يَكُن لَّهُم مِّن شُرَكَائِهِمْ شُفَعَاءُ وَكَانُوا بِشُرَكَائِهِمْ كَافِرِينَ

ترجمہ تیسیر الرحمن لبیان القرآن - محمد لقمان سلفی صاحب

اور اللہ کے لئے ٹھہرائے ہوئے ان کے شریکوں میں سے کوئی ان کا سفارشی نہ ہوگا اور وہ خود بھی اپنے شریکوں کا انکار کریں گے

تفسیر السعدی - عبدالرحمٰن بن ناصر السعدی

چونکہ انہوں نے ایسے اعمال آگے روانہ کیے تھے جو عذاب کے موجب تھے اور ان کے پاس کوئی بھی ایسا عمل نہ تھا جو ثواب کا موجب ہوتا، اس لیے وہ اعمال خیر کے اعتبار سے مفلس ہوں گے اور سخت مایوس ہوں گے۔ ان کی تمام افترا پردازیاں گم ہوجائیں گی، ان کے خود ساختہ معبود ان کو کوئی فائدہ دے سکیں گے نہ ان کی کوئی سفارش کرسکے گا۔ بنا بریں فرمایا : ﴿وَلَمْ يَكُن لَّهُم مِّن شُرَكَائِهِمْ ﴾ ” اور نہیں ہوگا ان کے لیے ان کے شریکوں میں سے کوئی بھی“ جن کی وہ اللہ تعالیٰ کے ساتھ عبادت کیا کرتے تھے ﴿شُفَعَاءُ وَكَانُوا بِشُرَكَائِهِمْ كَافِرِينَ﴾ ”سفارشی اور وہ اپنے شریکوں کا انکار کردیں گے۔“