سورة العنكبوت - آیت 68

وَمَنْ أَظْلَمُ مِمَّنِ افْتَرَىٰ عَلَى اللَّهِ كَذِبًا أَوْ كَذَّبَ بِالْحَقِّ لَمَّا جَاءَهُ ۚ أَلَيْسَ فِي جَهَنَّمَ مَثْوًى لِّلْكَافِرِينَ

ترجمہ تیسیر الرحمن لبیان القرآن - محمد لقمان سلفی صاحب

اور اس سے بڑھ کر ظالم (٤٢) کون ہوگا جو اللہ کے بارے میں جھوٹ بولتا ہے، یا جب برحق قرآن اس کے پاس آجاتا ہے تو اسے جھٹلاتا ہے، کیا کافروں کا ٹھکانا جہنم نہیں ہے

تفسیر السعدی - عبدالرحمٰن بن ناصر السعدی

﴿وَمَنْ أَظْلَمُ مِمَّنِ افْتَرَىٰ عَلَى اللّٰـهِ كَذِبًا ﴾ ” اور اس سے بڑھ کر ظالم کون ہے جس نے اللہ پر جھوٹ باندھا؟“ اور اپنی گمراہی اور باطل کو اللہ تعالیٰ کی طرف منسوب کردیا۔ ﴿أَوْ كَذَّبَ بِالْحَقِّ لَمَّا جَاءَهُ ﴾ ” یا اس نے حق کو جھٹلا دیا جب وہ اس کے پاس آیا“ رسول اللہ صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کے ذریعے سے۔ مگر اس ظالم اور معاند حق کے سامنے جہنم ہے ﴿أَلَيْسَ فِي جَهَنَّمَ مَثْوًى لِّلْكَافِرِينَ﴾ ” کیا کافروں کا ٹھکانا جہنم میں نہیں ہے؟“ اس جہنم کے ذریعے سے ان سے حق وصول کیا جائے گا، انہیں رسوا کیا جائے گا اور جہنم ان کا دائمی ٹھکانا ہوگا، جہاں سے وہ کبھی نہیں نکلیں گے۔